لاہور ڈیفنس میں کار کی رکشے کو ٹکر ،3 افرادجاں بحق

89

لاہور،چشتیاں،ایبٹ آباد، خانیوال،مظفر گڑھ، لاہور (اے پی پی) لاہور کے مصروف ترین علاقے ڈیفنس میں ایک تیز رفتار کار رکشہ سے ٹکرا گئی جس کے باعث 3افراد جاں بحق اورایک زخمی ہوگیا۔ نجی ٹی وی چینل کے مطابق حادثہ کار کی تیز رفتاری کی وجہ سے پیش آیا۔ ریسکیوٹیم نے زخمی کو اسپتال منتقل کردیا۔ اسپتال ذرائع نے 3 افراد کی موت کی تصدیق کردی جبکہ زخمی کی حالت خطرے سے باہر بتائی جاتی ہے۔ چشتیاں ڈاہرانوالہ موڑ پر ٹریکٹر ٹرالی اور رکشے کی ٹکر کے نتیجے میں 4 افراد زخمی ہوگئے۔ نجی ٹی چینل کی رپورٹ کے مطابق ریسکیو ٹیم نے جائے حادثہ پر پہنچ کر امدادی کارروائیاں شروع کردی اور زخمیوں کو فوری طور پر طبی امداد کے لیے رمضان اسپتال منتقل کردیا گیا۔ زخمیوں میں نبیل، ارسلان، غلام محی الدین کی پہچان ہوسکی جبکہ ایک نامعلوم ہے، ان میں 2 زخمیوں کی حالت تشویش ناک بتائی جاتی ہے جنہیں بعد میں بہاولپور اسپتال منتقل کر دیا گیا۔ ایبٹ آباد کی یونین کونسل ککمنگ کے گاؤں ریالی میں فائرنگ کرکے نوجوان کو قتل کردیا گیا ہے۔ ملزم ارتکاب جرم کے بعد فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔ مقتول کے والدکی مدعیت میں تھانہ نواں شہر میں نامزد ملزم کیخلاف مقدمہ درج کرکے پولیس نے ملزم کی تلاش شروع کردی ہے۔ پولیس ذرائع کے مطابق یونین کونسل ککمنگ ریالی کے رہائشی خورشید نامی شخص نے تھانہ نواں شہر میں رپورٹ درج کرواتے ہوئے مؤقف اختیار کیا کہ اس کے بیٹا صدام گھر سے کسی کا م کے لیے باہر نکلا۔ بعد ازاں اس کے بھائی ملک امان نے فون کرکے بتایا کہ اسے گھر کے قریب فائرنگ کی آواز سنائی دی ہے۔ ڈوگھڑی کے مقام پر صدام روڈ پر مردہ حالت میں پایا گیا اور اس کا موٹر سائیکل بھی اس کے قریب کھڑا ہے۔ اس کے بیٹے کو فائرنگ کرکے قتل کیا گیا ہے۔ مقتول کے والد نے پولیس کو بتایا کہ اسے پورا یقین ہے کہ اس کے بیٹے صدام کو جہانگیر ولد محمد رفیق نے قتل کیا ہے۔ پولیس نے لاش قبضہ میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لیے ایوب میڈیکل کمپلیکس منتقل کی جہاں پوسٹ مارٹم کے بعد لاش ورثا کے حوالے کی۔ تھانہ نواں شہر میں ملزم جہانگیر ولد رفیق کے خلاف زیر دفعہ 302 کے تحت مقدمہ درج کر کے پولیس نے ملزم کی تلاش شروع کردی ہے۔ خانیوال اولڈ جنرل بس اسٹینڈ سے نامعلوم شخص کی لاش برآمد۔ اولڈ جنرل بس اسٹینڈ راجپوت ٹریولز کے عقب سے ایک نامعلوم شخص کی لاش برآمد ہوئی ہے جسے ضروری کارروائی کے بعد ڈسڑکٹ ہیڈ کوارٹر اسپتال منتقل کردیا گیا۔ پولیس تھانہ سٹی مصروف تفتیش ہے۔ مظفر گڑھ تھانہ خان گڑھ کے علاقہ بستی میروالا موضع پکا گھلواں میں گزشتہ شب گھر میں جھولے سے غائب ہونے والی 5 ماہ کی بچی کی لاش مل گئی۔ واقعہ کی اطلاع ملنے پر ڈی ایس پی صدر سرکل عاشق حسین کھوسہ، پولیس تھانہ خان گڑھ، چوکی مونڈکا انچارج عاشق اے ایس آئی موقع پر پہنچ گئے۔ بچی مہوش کی لاش گھر سے کچھ فاصلے پر کھیتوں سے برآمد ہوئی۔ ورثا کا کہنا ہے کہ بچی کی عمر پانچ ماہ ہے، بچی کی والدہ بچی کو جھولے میں سلا کر ساتھ والے گھر میں سالگرہ کے فنکشن میں گئی تھی، آدھے گھنٹے بعد مہوش کی امی نے اپنی بڑی بیٹی عائشہ کو کہا کہ بہن کو دیکھ کر آؤ کہ وہ سو رہی ہے، جب عاشہ گھر آئی تو اس نے دیکھا کہ بچی جھولے سے غائب تھی جس پر گھر میں شور مچ گیا۔ ورثا رات بھر بچی کو ڈھونڈتے رہے، صبح پولیس کو اطلاع دی گئی۔ پولیس نے لاش قبضے میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لیے ڈسڑکٹ اسپتال مظفرگڑھ بھجوا دی۔ لاہور، ڈی آئی جی آپریشنز اشفاق خان کی ہدایت پر صدر ڈویژن پولیس کا جرائم پیشہ عناصر کیخلاف کریک ڈائون جاری، ایس پی صدر ڈویژن احسن سیف اللہ کی زیرِ نگرانی صدر ڈویژن پولیس نے اشتہاری و سنگین جرائم میں ملوث عناصر کیخلاف کارروائی کرتے ہوئے گزشتہ ہفتے کے دوران مختلف جرائم میں ملوث 59 ملزمان گرفتار کرلیے۔ ڈکیت و چور گینگ کے2 ملزمان کو گرفتار کر کے ان کے قبضہ سے شہریوں سے واردات کے دوران چھینے گئے 6 اے ٹی ایم کارڈز اور ہزاروں روپے نقدی برآمد کی گئی جبکہ ناجائز اسلحہ کیخلاف کارروائی کے دوران 9 ملزمان کے قبضے سے 9 پستول اور گولیاں برآمد کرلیں، اسی طرح منشیات فروشوں کیخلاف کارروائی کرتے ہوئے 3 ملزمان کو گرفتار کر کے ان کے قبضے سے 3 کلو گرام چرس اور 150 گرام ہیروئن برآمد کی گئی جبکہ ون ویلنگ، پتنگ بازی اورکرایہ داری ایکٹ کیخلاف ورزی پر 45 ملزمان کو بھی گرفتار کیا گیا۔