غیرقانونی اسپیڈبریکرزحادثے کا سبب بن رہے ہیں

107

فیصل آباد(وقائع نگار خصوصی)جماعت اسلامی حلقہ پی پی 114کے امیرمیاںاجمل حسین بدر،جنرل سیکرٹری یوسف گل پراچہ نے کہا ہے کہ اہم سڑکوں ، گزرگاہوں، گلی محلوں میں بننے والے غیر قانونی اسپیڈ بریکروں کے باعث بچوں سمیت بڑے بھی زخمی ہونے لگے۔ بجلی کی بندش سے اندھیرے میں غیر قانونی بنائے گئے اسپیڈ بریکر نظر نہ آنے سے درجنوں حادثات معمول بن گئے جبکہ بعض طاقتور اور بااثر افراد نے اپنی چودھراہٹ اورعلاقائی اجارہ داری قائم رکھنے کے لیے سڑکوں اور گلی محلوں، مکانوں کے ساتھ بڑی بڑی سیڑھیاں بنا رکھی ہیں اور اپنے گھروں کے باہر خودساختہ اسپیڈ بریکر قائم کر رکھے ہیں، جس کی وجہ سے روزانہ کی بنیاد پر بچوں سمیت بڑے بھی ان حادثات کا شکار ہورہے ہیں۔ ان غیر قانونی اسپیڈ بریکروں پر کسی قسم کا کوئی نشان بھی نہیں اور نہ ہی اسپیڈ بریکرز کو منصوبہ بندی کے تحت ہموار بنایا گیا ہے بلکہ تارکول اور اینٹوں پر سیمنٹ اور بجری ڈال کر چوٹی نما اسپیڈ بریکرز تیار کرنے کا فیشن قائم ہوچکا ہے، جس کی وجہ سے پہلی مرتبہ گزرنے والے انجان موٹر سائیکل سوار بے خیالی کی وجہ سے حادثے کا شکار ہوتے ہیں۔ چوٹی نما بے رنگ اسپیڈ بریکرز کے نتیجے میں گاڑی و موٹر سائیکل چلانے والوں کو اسپیڈ بریکر کا کچھ پتا نہیں چلتا، جس کی وجہ سے وہ حادثات کا شکار ہوجاتے ہیں۔رہنمائوں نے کہاکہ متعلقہ محکمہ کی عدم دلچسپی کی وجہ سے بااثر شہری اپنے گھروں کے باہر غیر قانونی جمپ تعمیر کر کے گاڑیوں کا نقصان کرنے سمیت شہریوں کو زندگی بھر کے لیے معذور بنا رہے ہیں۔ شہریوں نے ڈپٹی کمشنر سے مطالبہ کیا ہے کہ شہر سمیت ملحقہ علاقوں میں تعمیر ہونے والے غیر قانونی، خود ساختہ اسپیڈ بریکرز کے خاتمے کے لیے کارروائی عمل میں لائی جائے۔