حکومت کی ناکام خارجہ پالیسی ، اسلامی ممالک مودی کے ہمنوا بنے ہوئے ہیں

110

فیصل آباد(وقائع نگار خصوصی)جے آئی یوتھ کے ضلعی صدر چودھری عمرفاروق گجر،جنرل سیکرٹری راشدمحمود،سلطان ڈوگر،محمدزید،عمران عبداللہ،سلیم انصاری اور دیگرنے کہا ہے کہ کشمیر میں کرفیو کو 44دن ہو گئے ہیں لوگ گھروں میں بند بھوک سے مر رہے ہیں اور مردوں کو گھروں میں دفنانے پر مجبور ہیں لیکن پاکستان کی مقتدر قوتیں اور عالم اسلام کے حکمران سب کچھ دیکھنے کے باوجود ٹس سے مس نہیں ہورہے۔ رہنمائوںنے کہاکہ قوم اب عملی اقدامات چاہتی ہے۔وزیراعظم اکیلے مظفر آباد جانے کے بجائے قومی قیادت کو ساتھ لے کر جاتے تو بھارت کو یہ پیغام جاتا کہ کشمیر کے مسئلہ پر پوری پاکستانی قوم متحد ہے۔ انہوںنے کہاکہ حکومت کی ناکام خارجہ پالیسی کی وجہ سے اسلامی ممالک بھی مودی کے ہمنوا بنے ہوئے ہیں۔ انہوںنے کہاکہ بھارت نے تین لاکھ سے زیادہ نوجوانوں کو شہید، ہزاروں کو عقوبت خانوں میں بند اور ہزاروں کو بینائی سے محروم کردیاہے۔ کشمیری نوجوان پاکستان زندہ باد کے نعرے لگاتے شہید ہورہے ہیں۔ مائیں بہنیں بیٹیاں پکا ر رہی ہیں مگر ہمارے حکمران بیانات سے آگے نہیں بڑھ رہے۔ چوہدری عمرفاروق گجرنے کہاکہ حکمران عوام کو ریلیف دینے میں مکمل طور پر ناکام ہوچکے ہیں۔ حکومت نے پہلے سو دن پھر چھ ماہ مانگے اور اب وزیراعظم کہتے ہیںکہ پانچ سال بعد ہماری کارکردگی کے متعلق سوال کیا جائے۔ انہوں نے کہاکہ ان نالائق حکمرانوں کو پچاس سال بھی دے دیں تو کوئی تبدیلی نہیں آئے گی۔ حکومت کے 13 ماہ ناکامیوں کی نہ ختم ہونے والی داستان ہے۔ مہنگائی سو فیصد بڑھ گئی ہے بے روزگاری میں مسلسل اضافہ ہورہاہے لوگ نان شبینہ کے محتاج اور حکمران اب بھی جھوٹے وعدوںاور بلند و بانگ دعوئوں سے باز نہیں آرہے۔ ے کہاکہ تبدیلی کی طرح احتساب کا نعرہ بھی کھوکھلا ہوچکاہے۔ ٹرانسپیرنسی انٹر نیشنل کہتی ہے کہ کرپشن پہلے سے بڑھ چکی ہے۔ نیب کی کاروائیاں بھی ایک مخصوص علاقے تک محدود ہیں