جماعت اسلامی ضلع راولپنڈی وومن ونگ کی بھارت کیخلاف احتجاجی ریلی

130

راولپنڈی (وقائع نگار خصوصی)مقبوضہ کشمیرمیں بدترین دہشتگردی اور43روزسے کرفیوکے خلاف جماعت اسلامی ضلع راولپنڈی ویمن ونگ نے بھارت کے خلاف کشمیرریلی کاانعقاد کیا جس کی قیادت قائمقام صوبائی ناظمہ پنجاب کوثرپروین ،ناظمہ ضلع سمیہ علی سمیت دیگرذمہ داران نے کی،احتجاجی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے امیرضلع راولپنڈی راجہ محمدجواد نے کہاکہ حکمران اپنے عالمی آقائوں کوخوش کرنے کی بجائے مظلوم کشمیر ی عوام کی عملی مددکریں احتجاج اورمذمتی بیانات کیلیے عوام اوراپوزیشن موجود ہے ریاست اپنی ذمہ داریاں پوری کرے پوری قوم یک آوازہے کہ نریندر موذی جیسے درندے کا منہ توڑنے کیلیے عملی اقدام ناگزیرہے۔مقبوضہ وادی میں ظلم کا شکار بہنیں ،بیٹیاں ، مائیں اوربچے پکاررہے ہیں لیکن حکمران بندکمروں میں اجلاسوں اورجلسوں تک محدودہیں ۔انھوں نے کہا کہ 30 دن سے محصورکشمیری عوام کی زندگی موت سے بدتربنادی گئی، اقوام متحدہ اورانسانی حقوق کی تنظیمیں کشمیرمیں محصورفاقوں سے مرنے والے بچوں، مرد و خواتین کی قاتل ہیں ۔جنگ زدہ علاقوں میں خوراک اورامداد پہنچاناعالمی اداروں اور تنظیموں کی ذمہ داری ہے محض مسلمان ہونے کی وجہ سے اقوام متحدہ کشمیری عوام کی مددکے بجائے خاموش تماشائی کاکرداراداکررہا ہے جو انسانیت کے ساتھ بدترین دشمنی ہے۔ناظمہ ضلع راولپنڈی سمیہ علی نے کہا کہ آج کربلا کا میدان مقبوضہ کشمیر میں برپا ہے،جہاں ایک کروڑ سے زائد نفوس محاصرے میں ہیں۔ان کی زندگیاں خطرے میں ہیں۔ایک منظم نسل کشی کا انہیں سامنا ہے۔دنیا کا کردار کوفہ جیسا ہے۔حکومت کشمیریوں کے لیے کوئی عملی قدم اٹھاتی تو 43 روز تک کرفیو نہ رہتا۔اس موقع پر ضلعی سیکرٹری سیدامجدحسین شاہ، سیکرٹری اطلاعات انعام الحق اعوان سمیت دیگرذمے داران اورخواتین وبچے شریک تھے ۔