اپوزیشن لیڈر سٹی کونسل نے میئر سے مستعفی ہونے کا مطالبہ کردیا

285

 

کراچی (اسٹا ف رپورٹر)بلدیہ عظمیٰ کی کراچی سٹی کونسل میں قائد حزب اختلاف کرم اللہ وقاصی نے میئر کراچی وسیم اختر سے فوری طور پر استعفے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ میئر کراچی نے اپنے تین سالہ دور میںبلدیہ عظمیٰ کراچی کا برا حال کردیا ہے، اختیارات کا رونا رونے والے میئر کراچی نے بلدیہ عظمیٰ کو دونوں ہاتھوں سے لوٹا ہے اور پھر ڈھٹائی کے ساتھ سے اپنے کرپشن کا دفاع کرتے ہیں، ان کے اپنے لوگ جو ماضی میں ان کے ساتھی تھے اور ان کی جماعت کے میئر بھی تھے ،انہوںنے وسیم اخترکی کرپشن کو بے نقاب کیا ہے، سٹی کونسل میں کسی ایسے شخص کو لایا جائے جو اختیارات کا رونا رونے کے بجائے شہریوں کے دکھوں کا مداوا کر سکے۔ بحریہ ٹائون سے شہر کی صفائی کے مد میںملنے والے 10ارب روپے میئر کراچی کھاگئے اور تاحال شہر کی صفائی نہیں ہوسکی ہے، نالوں کی صفائی کا فنڈ خورد برد کیا گیا ، مچھر مار اسپرے مہم ناکام ہوگئی ، کتوں کی شہر میں بہتات ہوگئی ہے لیکن میئر کراچی کے کانوں پر جوں تک نہیں رینگتی،متعلقہ آفیسروں کے خلاف ایکشن لینے کے بجائے میئر ان کی سر پرستی کررہے ہیں ، انہوں نے کہا کہ جان بوجھ کر بلدیہ عظمیٰ کو تباہ کیا جارہا ہے نیب میں میئر کراچی کے خلاف کرپشن کے مقدمات ہیں، لیکن نفیس لوگوں کے خلاف کوئی ایکشن نہیں لیاجاتا ہے، دوہری شہریت کے حامل آفیسروں کو اپنا دست بازو بنایا ہوا ہے، آئوٹ آف ٹرن پروموشن اور OPSآفیسروں کو سپریم کورٹ کے احکامات کے باوجود نہیں ہٹایاگیا ہے ، سب کے سامنے کرپشن کھلے عام ہورہی ہے ، چڑیا گھروں کے بجٹ کھا کر صرف ان کو بجٹ بک میں دکھایا گیا ہے شہر کی ترقی میں ان کو کوئی دلچسپی ہے نہ ہی انکا کوئی وژن ہے ، کراچی میں کسی بھی یونین کمیٹی کو کوئی بھی ترقیاتی پیکچ نہیں دے سکے ، سٹی وارڈن ان کی پارٹی کے لوگوںکے گھروں پر ڈیوٹیاں دیتے ہیں، اورگھر بیٹھے آدھی تنخواہ اٹھاتے ہیں جس شہر میں میٹروپولیٹن کارپوریشن کے16 ہزار ملازمین میں سے 10ہزار ملازمین گھر اور ملک سے باہر بیٹھ کر تنخواہ اٹھاتے ہوں تو اس میٹروپولیٹن کارپوریشن کا میئر واقعی بے اختیار ہوگا، لہٰذا اپوزیشن میئر کراچی سے استعفے کا مطالبہ کرتی ہے اور کسی ایسے شخص کو لایا جائے جو اختیارات کا رونا رونے کے بجائے شہریوں کے دکھوں کا مداوا کرسکے۔