بھارت کشمیر سے کرفیو اٹھائے،ترکی میں عالمی کانفرنس کی قرارداد

161

انقرہ(صباح نیوز) کنونیئر کل جماعتی کشمیرر ابطہ کونسل چیئرمین پبلک اکائونٹس کمیٹی عبدالرشید ترابی نے کہا ہے ترکی میں عالمی کانفرنس کے موقع پر کشمیر کی تشویشناک صورت حال کے حوالے سے قرارداد پیش کی جو 30ممالک کے مندوبین نے منظور کر لی، قرارداد میںمطالبہ کیا گیا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر سے کرفیو فوری طور پر اٹھائے ،کشمیریوں کو بولنے دے ظلم بند کرے، غیر آئینی اقدامات واپس لے ،اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق کشمیریوں کو حق خودارادیت فراہم کرے ،قرارداد میں مطالبہ کیا گیا کہ اقوا م متحدہ اور او آئی سی مقبوضہ کشمیر میں انسانی المیہ رونماہونے سے قبل اقدامات کریں اورمقبوضہ کشمیر میں نسل کشی رکوائیں۔کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے عبدالرشید ترابی نے کہا کہ سوا ارب مسلمان اٹھ کھڑے ہوں تو دنیا کی کوئی طاقت مسلمانوں پر ظلم نہیں کر سکتی، فلسطین اور کشمیر ایک ہی استعمار کے پیدا کردہ مسائل ہیں ،مسلم دنیا کی دشمنی بھارت اوراسرائیل کا مشترکہ ایجنڈا ہے ۔انہوں نے کہاکہ مسلم حکمران اقوام متحدہ میں دوٹوک بات کریں اگر اقوا م متحدہ ان کی بات پر کان نہیں دھرتی مظلوم اقوام سے مل کر نئی اقوام متحدہ قائم کریں ۔کانفرنس میں سابق وزراء خارجہ،اسلامی تحریکوں کے سربراہان ،سفارت کار ،اہل دانش ،اسکالرز شریک ہوئے ،کانفرنس میں الجزائر،تیونس،انڈونیشیا،ملائیشیا،عراق،ایران،شام ،افغانستان،سوڈان،وسط ایشیا کے ممالک ،پاکستان اور کشمیر سے بھی نمائندگی رہی،دریں اثنا عبدالرشید ترابی نے عالمی راہنمائوں ، ترک صدر طیب رجب اردگان کے معاون خصوصی اور بین الاقوامی امور کے سربراہ برہان سے ملاقات کی اور کشمیریوں کا پیغام پہنچایا۔