احتساب کے عمل پر کوئی ڈیل نہیں ہوگی،وزیراعظم

291
اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کی نیو بالاکوٹ سٹی منصوبے سے متعلق اجلاس کی صدارت کررہے ہیں
اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کی نیو بالاکوٹ سٹی منصوبے سے متعلق اجلاس کی صدارت کررہے ہیں

اسلام آباد( آن لائن،اے پی پی ) وزیراعظم عمران خان نے ایک بار پھر ڈیل کے امکانات کو مسترد کرتے ہو ئے کہا کہ پہلی مر تبہ احتساب کا عمل سیا سی مداخلت سے آزاد شفاف اور بے لا گ ہے ۔پیر کے روز وزیراعظم عمران خان سے وزیراعظم ہا ئوس میں پی ٹی آئی کے رہنما بابر اعوان ایڈووکیٹ نے ملا قات کی جس میں حکومت کے آئینی اور قانونی معاملات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا اور وزیر اعظم کے دورہ سعودی عرب اور امریکا پر بھی مشاورت کی گئی ۔ وزیر اعظم عمران خان نے ایک بار پھر کسی بھی قسم کی ڈیل کے امکانات کومسترد کردیا اور ’نوڈیل نو کمپرومائز‘ کا دو ٹوک مؤقف اپنایا۔ وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ احتساب کا عمل اسی طرح جاری رہیگا۔ پہلی مرتبہ احتساب کا عمل سیاسی مداخلت سے آزاد ہے، احتساب کا عمل شفاف اور بیلاگ ہے جو جاری رہیگا۔علاوہ ازیںوزیراعظم عمران خان نے مقبوضہ کشمیر سے متعلق بھارتی سپریم کورٹ کے فیصلے پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ دنیا نے دیکھ لیا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں حالات معمول پر ہونے سے متعلق جھوٹ بولتا رہا۔عمران خان نے کہا کہ آج پاکستان کے مؤقف کی تائید ہوئی۔ کشمیریوں کی ہر فورم پر حمایت جاری رکھیں گے۔ 27 ستمبر کو کشمیر کا سفیر بن کر جنرل اسمبلی میں خطاب کروں گا۔وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت حکومتی رہنماؤں اور ترجمانوں کا اہم اجلاس ہوا۔ ذرائع کے مطابق اجلاس میں وزیراعظم نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دنیا نے دیکھ لیا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں حالات نارمل ہونے سے متعلق جھوٹ بولتا رہا۔انہوں نے کہا کہ آج پاکستان کے مؤقف کی تائید ہوئی، کشمیریوں کی ہر فورم پر حمایت جاری رکھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کی کوششوں کی بدولت مسئلہ کشمیر عالمی سطح پر اجاگر ہوا۔اجلاس میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے سفارتی رابطوں سے اجلاس کو آگاہ کیا اور بتایاکہ دنیا کو بتادیا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق پامال کررہا ہے۔قبل ازیںوزیراعظم عمران خان نے نیو بالاکوٹ سٹی پراجیکٹ میں پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے ماڈل کو اپنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ منصوبے کی تکمیل کے لیے اس سے وابستہ کلیمز کے مسئلہ کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے، نیا شہر اپنے پرکشش محل وقوع کی بدولت علاقے میں سیاحت کے فروغ کا ذریعہ بنے گا۔ وہ پیر کو یہاں نیو بالاکوٹ سٹی پراجیکٹ پر پیش رفت کا جائزہ لینے سے متعلق اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔ اجلاس میں وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی مخدوم خسرو بختیار، وفاقی وزیر برائے ریونیو حماد اظہر، چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل محمد افضل، چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا محمد سلیم اور دیگر سینئر حکام بھی شریک تھے۔