حافظ نعیم سے گلشن کنیز فاطمہ سوسائٹی کے متاثرین کی ملاقات‘مسائل سے آگاہ کیا

576
امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن سے کنیز فاطمہ سوسائٹی سرجانی ٹاؤن کے متاثرین کا وفد ملاقات کررہا ہے
امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن سے کنیز فاطمہ سوسائٹی سرجانی ٹاؤن کے متاثرین کا وفد ملاقات کررہا ہے

کراچی(اسٹاف رپورٹر)امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن سے کے ایم سی یونائٹیڈ ورکرز کو آپریٹو ہائوسنگ سوسائٹی (گلشن ِ کنیز فاطمہ) سرجانی ٹائون کے متاثرین کے ایک وفد نے ادارہ نور حق میں ملاقات کی اور سوسائٹی کی زمینوں پر قبضے کے باعث پیدا ہونے والی صورتحال اور سیکڑوں خاندانوں کے مسائل اور مشکلات سے آگاہ کیا ۔ وفد میں محمد سلمان ، محمد ریحان ، عادل رسول ، محمد رفیق ، محمد شاہد اور دیگر شامل تھے ۔ ملاقات میں جماعت اسلامی کراچی کی پبلک ایڈ کمیٹی کے صدر سیف الدین ایڈووکیٹ ، سیکرٹری نجیب ایوبی اور دیگر بھی موجود تھے ۔ وفد نے بتایا کہ سوسائٹی 1972ء سے رجسٹرڈ ہے اور یہاں کی زمینیں بھی لیز شدہ ہیں لیکن اس کے باوجود یہاں پر ناجائز طور پر قبضہ کیا جا رہا ہے اور اس میں سوسائٹی کی ملی بھگت بھی شامل ہے ۔ متعلقہ ڈی سی کی جانب سے نہ صرف خاموشی اختیار کی جا رہی ہے بلکہ درپردہ قابضین کی حمایت اور پشت پناہی بھی کی جارہی ہے ۔ وفد سے گفتگو کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ جماعت اسلامی متاثرین کو تنہا نہیں چھوڑے گی اور قابضین سے زمینوں کے واگزار کرانے کی کوششوں اور جدو جہد میں ہم ان کے ساتھ ہیں اور ہر ممکن مدد اور تعاون کریں گے ۔ زمینوں پر قبضے مظلوم اور غریب خاندانوں کے ساتھ سراسر ظلم و زیادتی اور نا انصافی ہے ۔ جماعت اسلامی قبضہ مافیا کے ہتھکنڈوں کے خلاف ہر فورم پر بھر پور آواز بلند کرے گی ۔ اس موقع پر انہوں نے پبلک ایڈ کمیٹی کے سربراہ سیف الدین ایڈووکیٹ اور دیگر ذمے داران کو متاثرین کی مدد اور تعاون کرنے کے حوالے سے ضروری ہدایات بھی دیں ۔ حافظ نعیم الرحمن نے حکومت اور متعلقہ حکام اور اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ قبضے ختم کرائے جائیں اور مالکان کو ان کی زمینوں کی واپسی یقینی بنائیں ۔