جیکب آباد، تین کنٹینر سے 15 کروڑ روپے کی مالیت کا غیر ملکی سامان برآمد

105

جیکب آباد (نمائندہ جسارت) ڈی سی کسٹم اور ایس ایس پی کی مشترکہ پریس کانفرنس، تین کنٹینر سے 15 کروڑ روپے کی مالیت کا غیر ملکی سامان پکڑنے کا دعویٰ۔ ڈپٹی کلکٹر کسٹم سکھر عمران رسول اور ایس ایس پی جیکب آباد بشیر بروہی نے کسٹم آفس میں مشترکہ پریس کانفرس کرتے ہوئے نور واہ لنک روڈ سے تین کنٹینر سے 15 کروڑ روپے کی مالیت کا غیر ملکی سامان پکڑ کر تین ملزمان موسیٰ جان بلوچ، عطااللہ بلوچ اور عبدالعلی اچکزئی کو گرفتار کرنے کا دعوی کیا ہے۔ ڈی سی کسٹم اور ایس ایس پی کے مطابق غیر ملکی سامان میں کپڑا، صابن، کولڈ درنک، خشک میوہ اور دیگر سامان شامل ہے۔ دونوں افسران نے کہا کہ غیر ملکی سامان کی اسمگلنگ کو روکنے کے لیے پولیس اور کسٹم نے مشترکہ حکمت عمی تیار کی ہے اور اس پر کام کر رہے ہیں، موجودہ کارروائی کسٹم کی اطلاع پر پولیس نے مل کر کی ہے۔ اسمگلنگ سے ملکی معیشت کو نقصان پہنچ رہا ہے، اس نقصان سے ملک کو بچانے کے لیے مصروف عمل ہیں۔ پکڑے گئے سامان میں ٹو ایس کا کونسا ایٹم ہے صحافی کے سوال پر ڈی سی کسٹم اور ایس ایس پی جواب نہ دے سکے ڈی سی کسٹم کے مطابق کسٹم ایکٹ کے تحت پولیس غیر ملکی سامان کی اسمگلنگ کیخلاف کارروائی کرسکتی ہے، پکڑا گیا سامان پولیس کسٹم کو حوالے کرنے کی پابند ہے۔