بدین، مچھر مار اسپرے نہ ہونے پر شہری مختلف بیماریوں میں مبتلا

341

 

بدین (نمائندہ جسارت) بدین شہر کے دیگر علاقوں میں ہونے والی بارشوں کے بعد بڑے پیمانے پر مکھیوں اور مچھروں کی افزائش کے باوجود تاحال متعلقہ اداروں کی جانب سے اسپرے نہ کرانے کے باعث پورے ضلع سمیت بدین شہر میں ملیریا، ٹائیفائیڈ، ڈائریا اور دیگر امراض انتہائی خطرناک صورت اختیار کرگئے، روزانہ سیکڑوں مریض سرکاری اور نجی اسپتالوں میں علاج کے لیے آرہے ہیں، بڑے پیمانے پر امراض پھیلنے کے باعث سرکاری اور نجی اسپتال مریضوں سے بھرے دکھائی دے رہے ہیں، ضلع بدین کے اکثر شہروں کے میڈیکل، اسٹوروں پر ان امراض کے علاج کی ادویات کی قلت پیدا ہوگئی ہے۔ بدین، پنگریو، شادی لارج، نندو، کھوسکی، ٹنڈوباگو، ملکانی شریف، خلیفو قاسم، لواری شریف اور دیگر علاقوں میں بارشوں کے بعد مچھروں اور مکھیوں کی بہتات نے نہ صرف انسانوں کی زندگی اجیرن کردی ہے بلکہ مچھروں اور زہریلی مکھیوں سے مویشی بھی محفوظ نہیں ہیں مچھروں اور مکھیوں کی بڑے پیمانے پر ہونے والی افزائش کے باعث اب تک ہزاروں افراد جن میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں، مختلف امراض کا شکار ہوچکے ہیں اور متعدد افراد ان امراض کے باعث اپنی جانوں سے بھی ہاتھ دھو بیٹھے ہیں مگر محکمہ انسداد ملیریا اور دیگر متعلقہ محکموں نے اب تک فیومیگیشن اسپرے نہیں کرایا اور نہ ہی عوام کو مچھر دانیاں فراہم کی گئی ہیں جوکہ بارشوں کے بعد محکمہ انسداد ملیریا کی جانب سے مفت دی جاتی ہیں۔ اسپرے نہ کرانے اور مچھروں و مکھیوں کی زبردست افزائش کے باعث ضلع بھر کے عوام کی زندگی اجیرن ہوگئی ہے، عوام میں محکمہ انسداد ملیریا اور دیگر متعلقہ محکموں کی نااہلی کیخلاف شدید غم وغصہ پیدا ہوگیا ہے۔ اس ضمن میں سیاسی، سماجی اور تاجر تنظیموں نے بدین شہر سمیت پورے ضلع بدین کے دیگر علاقوں میں فوری طور پر مچھر مار اسپرے کرانے کا مطالبہ کیا ہے۔ تنظیموں نے متنبہ کیا ہے کہ اگر مچھر مار اسپرے نہ کرایا گیا تو احتجاجی تحریک چلائی جائے گی۔