متحدہ کی سندھ کو تقسیم کرنے کی سازش کامیاب نہیں ہوگی، امتیاز شیخ

306
حیدرآباد،عوامی جمہوری پارٹی کے کارکنان پریس کلب کے سامنے مطالبات کے حق میں مظاہرہ کررہے ہیں
حیدرآباد،عوامی جمہوری پارٹی کے کارکنان پریس کلب کے سامنے مطالبات کے حق میں مظاہرہ کررہے ہیں

 

شکارپور (نمائندہ جسارت) سندھ کیخلاف جس طرح وفاقی حکومت حملہ کررہی ہے، اس پر سندھ کے عوام خاموش نہیں بیٹھیں گے، مولانا فضل الرحمن کی تحریک کا اخلاقی اور سیاسی ساتھ دیں گے مگر عملی طور پر حصہ لینے کے بارے میں کوئی فیصلہ نہیں ہوا ہے، سندھ کو تقسیم کرنا متحدہ والوں کی پرانی خواہش ہے جب ان پر دباؤ پڑتا ہے تو پھروہ نعرہ لگاتے ہیں کہ ہم ایک ہیں۔ ان خیالات کا اظہار صوبائی وزیر توانائی امتیا ز احمد شیخ نے گڑھی خدابخش میں منعقد ورکرز کنونشن میں شریک ہونے سے قبل شکارپور ہاؤس پر صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر فراز امتیاز شیخ، آغا مولا بخش پٹھان، وسیم صدیقی، ظفر علی شیخ،حاجی محمد صالح شیخ، تاج برڑو،نعیم برڑو، فہیم سومرو ڈاکٹر جہانگیر شیخ، خالد ہکڑو، ظہر ڈیھو، عاشق دایواور جاوید شیخ و دیگر بھی موجود تھے۔ صوبائی وزیر امتیاز احمد شیخ نے کہاکہ سندھ کو تقسیم کرنے کی متحدہ والوں کی پرانی خواہش ہے جب ان پر دباؤ پڑتا تو پھروہ نعرہ لگاتے ہیں کہ ہم ایک ہیں،جبکہ ان کی دلی خواہش رہی ہے کہ سندھ تقسیم ہوجائے، متحدہ والوں کو ہم نے اسمبلی میں کئی بار سمجھایاہے کہ اگر سندھ میں رہنا ہے تو آپ سندھ کو تقسیم کرنے والی باتیں مت کریں کیونکہ کراچی سندھ کا دل ہے۔ انہوں نے کہاکہ پی پی پی کا مؤقف یہ نہیں ہے کہ کراچی کو وفاق کا دارالحکومت بنایا جائے، پیر صاحب پاگارہ کا اپنا بیان ہے مگر جی ڈی اے والے خاموش ہیں ۔ امتیاز احمد شیخ نے کہاکہ آج گڑھی خدابخش میں بلاو ل زرداری نے ورکرز کو بلایا ہے اور وہ ورکرز کنونشن سے خطاب کریں گے، جس کے لیے گڑھی خدا بخش جارہے ہیں، وفاقی حکومت کے خلاف تحریک شروع کرنے کے متعلق پوچھے گئے سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ پی پی پی نے عملی طور پر تحریک شروع کردی ہے اور پی پی چیئرمین جلسہ جلوس کررہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ جس طریقے سے وفاقی حکومت سیاستدانوں کے ساتھ رویہ اختیار کیا ہے اور ان کے پروڈکشن آرڈر جاری نہیں کیے جارہے ہیں، یہ حالات تحریک کی طرف جارہے ہیں ، انہوں نے کہاکہ تازہ وفاقی حکومت کا آرٹیکل 149 کے متعلق موقف جلتی پر تیل کی مثال ہے اور سندھ پر جس طرح سے وفاقی حکومت حملہ کررہی ہے ان کیخلاف سندھی عوام اٹھ کھڑی ہوگی۔ انہوں نے کہاکہ سندھ نے پی پی پی کو مینڈیٹ دیاہے اور پی پی پی سندھ کو تقسیم کرنے والے ہر موقف کی بھرپور مخالفت کرے گی اور ان کیخلاف مزاحمت کی جائے گی۔ انہوں نے کہاکہ سندھی عوام کے اٹھ کھڑے ہونے پر وفاقی حکومت پیچھے ہٹی ہے اور اب انہیں اس قسم کی جرأت نہیں ہوگی، مولانا فضل الرحمن کی تحریک کے متعلق پوچھے گئے سوال کے جواب میں صوبائی وزیر امتیاز احمد شیخ نے کہاکہ ہم مولانا فضل الرحمن کی تحریک کا اخلاقی اور سیاسی ساتھ دیں گے مگر عملی طور پر حصہ لینے کے متعلق ابھی تک کوئی فیصلہ نہیں ہوا ہے، لاڑکانہ والی سیٹ پر الیکشن کے متعلق صوبائی وزیر نے کہاکہ جیسے گھوٹکی میں پی پی پی نشست جیتی تھی اسی طرح لاڑکانہ میں بھی نشست جیتے گے جبکہ لاڑکانہ پی پی پی کا قلعہ ہے۔ انہو ں نے شکارپور کی سیاست کے متعلق پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں کہاکہ ضلع شکارپور میں پی پی پی میں کوئی دھڑا بندی نہیں ہے، ہم سب ساتھ ہیں پارٹی نے جو بھی فیصلہ کیا ہے سب اس پر عمل کریں گے۔ انہوں نے کہاکہ آج میونسپل آفیسر کو طلب کرکے صفائی عملے کی تنخواہیں جاری کرنے کی ہدایت کی جائے گی۔ انہوں نے کہاکہ شکارپور میں ریکارڈ ترقیاتی کام کروائے جائیں گے جس میں کیٹل کالونی، شیخ ایاز یونیورسٹی اور سبزی منڈی کی تعمیر شامل ہوگی۔ دوسری جانب صوبائی وزیر امتیاز احمد شیخ اور پی پی پی یوتھ رہنما فراز امتیاز شیخ کی قیادت میں گڑھی خدا بخش ورکز کنونشن میں شرکت کے لیے جیالوں کا ایک بہت بڑا قافلہ روانہ ہوا۔