واپڈا میں کرپشن کا نوٹس، ملوث افسران کیخلاف کارروائی کی جائے

114

حیدر آباد (اسٹاف رپورٹر) آل پاکستان واپڈا ایمپلائز یونین کے ریجنل چیئرمین خالد محمود خانزادہ نے حیدر آبادپریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے حکام بالا سے اپیل کی ہے کہ واپڈا میں کرپشن کا نوٹس لے کر ملوث افسران کیخلاف کارروائی کی جائے۔ خالد خانزادہ نے کہاکہ حالیہ بارشوں کی پیشگی اطلاع کے باوجود حیسکو انتظامیہ نے بارش میں بجلی کی تقسیم کے حوالے سے کوئی انتظامات نہیں کیے، حیدرآباد کے کئی مقامات پر دو سے چار روز تک بجلی بند رہی جس کا مقصد حکومت کو بدنام کرنا اور لائن لاسز کو پورا کرنا ہے۔ اگر شہری علاقوں میں تین سے چار دن خرابی کے باعث فیڈر بند رہے تو اس کا مطلب ہے کہ چیف ایگزیکٹو آفیسر نان ٹیکنیکل اور نااہل ہے۔ انہوں نے کہاکہ جب سے حیسکو میں یہ چیف ایگزیکٹو آفیسر ہیں کرپشن میں تیزی سے اضافہ ہوا ہے، پورے حیسکو میں منتھلی سسٹم چل رہا ہے، جونیئر افراد کو سینئر کی پوسٹنگ دے کر مال کمایا جارہا ہے۔ ایک لاکھ روپے کا بل 40 ہزار روپے دے کر ختم ہوجاتا ہے جبکہ ڈیٹکشن ختم کرانے کے لیے عام آدمی کو مہینوں دفتر کے دھکے کھانے پڑتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حیسکو چیف عبدالحق میمن، چیف انجینئر پلاننگ تھے تو انہوں نے بڑی بڑی ہاؤسنگ اسکیموں جن کو اپنا گریڈ لینا تھا پبلک فیڈر پر منظوری دیدی تھی۔ انہوں نے کہا کہ حیسکو میں کرپشن کی فوری طور پر انکوائری کرائی جائے۔ اس موقع پر خالد محمود خانزادہ، سید خاور حسین، امتیاز شاہ اور دیگر بھی موجود تھے۔