ڈومیسٹک کرکٹ میں کن کشن قانون کے استعمال کا پہلا واقعہ

65

لاہور(جسارت نیوز)سنٹرل پنجاب کرکٹ ٹیم کے مڈل آرڈر بیٹسمین عثمان صلاح الدین قائداعظم ٹرافی کے میچ سے دستبردار ہوگئے۔سدرن پنجاب کے خلاف قذافی اسٹیڈیم لاہور میں میچ کے پہلے روز عثمان صلاح الدین کو فیلڈنگ کے دوران گردن پر گیند لگ گیا تھا۔سنٹرل پنجاب کرکٹ ٹیم نے میچ کے بقیہ حصے کیلئے عثمان صلاح الدین کی جگہ دائیں ہاتھ کے بلے باز محمد سعد کو ٹیم میں شامل کرلیا ہے تا ہم محمد سعد کو میچ میں بولنگ کرانے کی اجازت نہیں ہوگی۔ پی سی بی ڈومیسٹک کرکٹ میں کن کشن قانون متعارف ہونے کے بعد اس کے استعمال کا یہ پہلا واقعہ ہے۔قذافی اسٹیڈیم لاہور میں میچ کے پہلے روز عثمان صلاح الدین شارٹ لیگ کی پوزیشن پر فیلڈنگ کررہے تھے کہ بیٹسمین سمیع اسلم کی جانب سے کھیلا گیا ایک شاٹ ان کی گردن پر لگا۔ٹیم اور وینیو ڈاکٹر کے مطابق عثمان صلاح الدین گردن پر گیند لگنے کے بعد درد محسوس کررہے تھے۔ عثمان صلاح الدین نے سر میں درد اور آنکھوں میں دھندلے پن کی شکایت بھی کی تھی۔