اسپن بولنگ کوچ کا تقرر بھی کرنا چاہیے، یاسرشاہ

103

کراچی(اسٹاف رپورٹر )ٹیسٹ لیگ اسپنر یاسر شاہ نے کہا ہے کہ اگر پی سی بی اسپن بولنگ کیلیے بھی کوچ کی تقرری کردے تواچھا ہوگا۔میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے یاسر شاہ نے کہا کہ مجھے اس وقت کوئی انجری نہیں، پری سیزن کیمپ میں کافی ٹریننگ کی تھی، وہی کام آرہی ہے، اسی لیے قائد اعظم ٹرافی میں پہلے دن بلوچستان کی جانب سے سندھ کیخلاف 38 اوورز کرائے۔انھوں نے کہا کہ جارحانہ کرکٹ کا انداز اپنانا ضروری ہے، اگر اسپنر کوچ کی تعیناتی کی جاتی ہے تواس سے اسپنرزکوفائدہ ہوگا، میں اس وقت اپنے کھیل پربھرپور توجہ دے رہا ہوں، سینئراسپنر بولر ثقلین مشتاق نے بھی میری کافی مددکی، ملک میں اس وقت لیگ اسپنرزکی کمی ہے، بورڈ لیگ اسپنرز پر توجہ دے۔یاسر شاہ نے کہا کہ زیادہ تر میچز اسپنرز کی مدد سے جیتے ہیں، پی سی بی کو زیادہ سے زیادہ لیگ اسپنر کھلانے چاہیئں، مجھے جتنا قومی کوچز نے سپورٹ کیا، اتنا غیر ملکی کوچ نے نہیں کیا،غیر ملکی کوچ کے ساتھ مشکلات ہوتی ہیں، زبان سمجھنے میں بھی مسئلہ ہوتا ہے،ہمیشہ ہم کوکابورا بال سے کھیلتے ہیں، اس سے ہم آہنگ ہیں۔ایک سوال پر انھوں نے کہا کہ ہمیں آسٹریلیا میں فاسٹ بولر کی ضرورت ہوگی، کھلاڑیوں کو مائنڈ سیٹ تبدیل کرنا ہوگا جبکہ ڈومیسٹک کرکٹ کیلیے پچز بہتربنی ہیں۔