ٹرنگباگو نائٹ رائیڈرز کا فرنچائز ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں سب سے بڑا سکور

123

سید پرویز قیصر

شاہ رخ خان کی ٹیم ٹرنگباگو نائٹ رائیڈرز فرنچائز ٹونٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں سب سے بڑا سکور بنانے میں کامیاب ہوئی۔ کنگسٹن میں کھیلے گئے کریبین پریمئر لیگ کے میچ میں اس نے جمائیکا تلا وہاس کے خلاف میچ میں مقررہ20 اوور میں2 وکٹ پر 267 رنز بناکر ایسا کیا۔
اس سے پہلے فرنچائز ٹوئنٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں سب سے بڑا اسکور رائل چیلنجرز بنگلور کے پاس تھا جس نے پونہ واریرز کے خلاف بنگلور میں23 اپریل2013 کو20 اوور میں5 وکٹ پر 263 رنز بنائے تھے۔ اس اننگ میں دھواں دھار بلے بازی کرنے والے کریس گیل نے102 منٹ میں66گیندوں پر13 چوکوںاور17 چھکوں کی مدد سے آئوٹ ہوئے بغیر175 رنز بنائے تھے جو ٹوئنٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں سب سے بڑا انفرادی اسکورہے۔انکے 17 چھکے ایک اننگ میں سب سے زیادہ تھے اب یہ دوسرے سب سے زیادہ چھکے ہیں۔
ٹوئنٹی ٹوئنٹی کرکٹ میںایک اننگ سب سے زیادہ چھکے لگانے کا ریکارڈ کریس گیل ہی کے پاس ہے جنہوں نے رنگ پور رائیڈرز کی جانب سے ڈھاکا ڈئنا مائٹس کے خلاف ڈھاکا میں12 دسمبر2017 کو کھیلے گئے بنگلا دیش پریمئر لیگ کے فائنل میں جب69 گیندوں پرآئوٹ ہوئے بغیر146رنز بنائے تھے تو اس میں5 چوکے اور18چھکے شامل تھے۔
پچھلی مرتبہ جس ٹیم نے سب سے زیادہ اسکور بنایا تھا اس میں کریس گیل شامل تھے۔ اس مرتبہ جس ٹیم کے خلاف سب سے زیادہ اسکور بنا اس میں کریس گیل شامل تھے۔
ٹرنگباگو نائٹ رائیڈرز کا اسکور ٹوئنٹی توئنٹی کرکٹ میں تیسرا سب سے بڑا سکور ہے۔ اٖفغانستان کو اس قسم کی کرکٹ میں سب سے بڑا سکور کرنے کا اعزاز حاصل ہے۔ اس نے آئیر لینڈ کے خلاف دہرہ دون میں23 فروری2019 کو مقررہ20 اوورمیں278 رنز بنائے تھے۔ اس اننگ میں حضرت زازئی نے62گیندوں پر11 چوکوں اور16 چھکوں کی مدد سے آئوٹ ہوئے بغیر162رنز بنائے تھے جو ٹوئنٹی ٹوئنٹی بین الاقوامی کرکٹ میںدوسرا سب سے بڑا سکور اور ٹوئنٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں تیسرا سب سے بڑا سکور ہے۔
ٹوئنٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں دوسرا سب سے بڑا سکور چیک ری پبلک نے بنایا تھا۔ اس نے ترکی کے خلاف الفوو کاوئنٹی میں30 اگست 2019 کو20 اوور میں4 وکٹ پر 278 رنز بنائے تھے۔اس اننگ میں سدیش وکرما سیکھرا نے 36گیندوں پر8 چوکوں اور10 چھکوں کی مدد سے آئوٹ ہوئے بغیر 104 رنز بنائے تھے جو ٹوئنٹی ٹوئنٹی کرکٹ اور ٹوئنٹی ٹوئنٹی بین الاقوامی کرکٹ میں تیز سنچریوں میں سے ایک ہے۔ ترکی کی ٹیم8.3 اوور میں21 رنز بناکر آئوٹ ہوئی تھی جو ٹوئنٹی ٹوئنٹی کرکٹ اور ٹوئنٹی ٹوئنٹی بین الاقوامی کرکٹ میں سب سے کم اسکور ہے۔
چیک ری پبلک نے اس میچ میں257 رنز سے کامیابی حاصل کی جو ٹوئنٹی ٹوئنٹی کرکٹ اور ٹوئنٹی ٹوئنٹی بین الاقوامی کرکٹ میں رنز کے اعتبا ر سے سب سے بڑی فتح ہے۔
ٹوئنٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں جو 5بڑے اسکور بنائے گئے ہیں اس میں سے 3 ٹوئنٹی ٹوئنٹی بین الاقوامی کرکٹ میں بنائے گئے ہیں۔ آسڑیلیا نے سری لنکا کے خلاف پالے کیلے میں6 ستمبر2016 3 وکٹ پر 263 رنز بنائے تھے جو5واں سب سے بڑا سکور ہے۔