اولمپکس کوالیفائنگ،قومی ہاکی ٹیم یورپی ٹیموں سے پریکٹس میچز کھیلے گی

92

لاہور(جسارت نیوز) پاکستان ہاکی فیڈریشن نے ٹوکیو اولمپکس کوالیفائنگ رائونڈ سے قبل گرین شرٹس کو یورپی ٹیمو ں کیخلاف پریکٹس میچزکیلیے میدان میں اتارنے کا فیصلہ کرلیا۔پاکستان ہاکی ٹیم کو آئندہ ماہ ٹوکیو اولمپکس کوالیفائنگ رائونڈ کا چیلنج درپیش ہے،ہالینڈ کے خلاف میزبان ملک میں شیڈول میچز کی تیاری کے لیے گرین شرٹس کا کیمپ نیشنل ہاکی اسٹیڈیم میں جاری ہے،پہلا مرحلہ 18ستمبر کو مکمل ہوگا، ٹیم مینجمنٹ کی طرف سے پلیئرز کو پریکٹس پلان دیا جائے گا جس کی روزانہ کی بنیاد پر نگرانی واٹس ایپ کے ذریعے بنائے جانے والے گروپ سے کی جائے گی۔ایک ہفتہ آرام کے بعد پلیئرز دوبارہ 25ستمبر کو کیمپ کمانڈنٹ خواجہ محمد جنید کو نیشنل ہاکی اسٹیڈیم میں ہی رپورٹ کریں گے۔مزید معلوم ہوا ہے کہ پاکستان ہاکی فیڈریشن کوالیفائنگ راونڈ سے قبل قومی ٹیم کو پریکٹس میچز کھیلنے کے مواقع فراہم کرنا چاہتی ہے، اس حوالے سے فیڈریشن حکام نے جرمنی، بیلجیئم کی فیڈریشنز سے رابطہ کیا ہے،معاملات طے پا جانے کی صورت میں گرین شرٹس یورپی ٹیموں کے ساتھ پریکٹس میچز میں ایکشن میں دکھائی دیں گے۔ پاکستان ہاکی ٹیم کے چیف کوچ خواجہ جنید کا کہنا ہے کہ ٹیم کی تیاریاں درست کی جانب گامزن ہیں،اچھے نتائج دینے کی کوشش کریں گے۔