پیپلز پارٹی مزدور حقوق کا تحفظ کرے گی، جام اکرام

194

پاکستان پیپلز پارٹی ایک عوامی پارٹی ہے اور ہم آج کے جدید دور کے تقاضوں کے عین مطابق اداروں کو ترقی کی راہ پر گامزن کریں گے اور اُسی کے ساتھ ادارہ کے محنت کشوں کے روزگار اور اُن کے مفادات کابھرپور تحفظ بھی کیا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار صوبائی وزیر صنعت و تجارت و کوآپریٹو سوسائٹیز جام اکرام اللہ خان دھاریجو نے سندھ گورنمنٹ پریس کے پرنٹنگ سیکشن کے دورہ کے بعد ملازمین کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔اجتماع سے پیپلز لیبر بیورو سندھ کے صدر حبیب الدین جنیدی،کراچی ڈویژن کے صدر محمد اسلم سمّوں ،صوبائی نائب صدر سیّد قطب علی شاہ،ایس بی سی اے پیپلز یونیٹی(سی بی اے)کے چیئرمین حسین ابراہیم کاکا ،نفٹ ایمپلائز یونین (سی بی اے) کے صدر فہیم صابر،سندھ گورنمنٹ پریس پیپلز ورکرز یونین (سی بی اے) کے صدر محمد نسیم اور جنرل سیکرٹری محمد ندیم نے بھی خطاب کیا۔صوبائی وزیر نے ادارہ کے مختلف درجات کے ملازمین کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ پیپلز پارٹی کی حکومت کی پالیسی یہ ہے کہ اداروں کی کارکردگی کو بہتر سے بہتربنایا جائے اور یہ اُسی وقت ممکن ہوسکے گا کہ جب ملازمین کے مفادات کا بھی تحفظ کیا جائے۔جام اکرام اللہ خان دھاریجو نے اپنے شاندار استقبال پر سی بی اے یونین کے قائدین اور کارکنان کا شکریہ بھی ادا کیا۔ پیپلز لیبر بیورو سندھ کے صدر حبیب الدین جنیدی نے اپنے خطاب میں کہا کہ ملک کا محنت کش طبقہ معیشت کی گاڑی میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے اور یہی وجہ ہے کہ اٹھارہویںآئینی ترمیم کے بعد صوبہ سندھ میں پی پی پی حکومت نے مزدوروں کے مسائل کے حل اور اُن کے حقوق کے تحفظ کے لیے ریکارڈ قانون سازی کی ہے اور اُن پر دیانتدارانہ عملدرآمد کے نتیجہ میں محنت کش طبقہ کے مسائل پر بڑی حد تک قابو پالیا جائے گا۔انہوں نے محنت کشوں سے اپیل کی کہ وہ اپنی صفوں میں نظم وضبط بر قرار رکھتے ہوئے اپنے مسائل کے حل کے لیے جدوجہد کو جاری رکھیں۔کراچی ڈویژن کے صدر محمد اسلم سمّوں نے اپنی تقریر میں گورنمنٹ پریس کے ملازمین کو یقین دلایا کہ لیبر بیورو ہمیشہ کی طرح اُن کی جدوجہد کی حمایت جاری رکھے گا۔ سی بی اے یونین کے صدر محمد نسیم نے اپنے خطاب میں کہا کہ ہم نے ماضی قریب میں منعقد ہونے والے ریفرنڈم میں تاریخ ساز کامیابی حاصل کی ہے اور ہمیں یقین ہے کہ صوبائی حکومت ہمارے ادارہ کے ملازمین کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرے گی۔انہوں نے کہا کہ ملازمین کے متعدد مسائل طویل عرصہ سے زیر التواء ہیں اور ہمیں صوبائی وزیر صنعت و تجارت کی قیادت پر مکمل یقین ہے کہ یہ مسائل اُن کے فہم و تدبر سے جلد از جلد حل ہوجائیں گے۔