پنجاب میں لیبر انسپکشن پر مزاحمت کریں گے، شمس سواتی

159

رپورٹ ۔قاسم جمال

نیشنل لیبر فیڈریشن پاکستان کے مرکزی صدر شمس الرحمان سواتی کی صدرات میں این ایل ایف گجرانوالہ زون کا اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے شمس الرحمان سواتی نے کہا کہ انصاف کے نام پر آنے والی حکومت انصاف کا قتل عام کر رہی ہے۔ پنجاب کے صنعتی اداروں میں لیبر انسپکشن کی پابندی مزدوروں کے ساتھ ظلم اور انصاف کا قتل عام ہے۔ انسپکشن کے ہوتے ہوئے بھی صنعتی اداروں میں صنعت کار وںنے مزدوروں کو مستقل ملازمت، کم از کم اجرت، سوشل سیکورٹی، ای او بی آئی اور ورکرز ویلفیئر فنڈ کی رجسٹریشن سے انہیں محروم رکھا ہوا ہے۔ مزدوروں سے بارہ بارہ گھنٹے کام لیا جا رہا ہے۔ حفاظتی آلات اور سیفٹی فراہم نہیں کی جاتی، یومیہ اجرت اور ٹھیکیدارای نظام کے ذریعے مزدوروں سے بیگاری کام لیا جا رہا ہے۔ اب جب
کہ پنجاب حکومت نے فیکٹریوں اور کارخانوں پر انسپکشن پر پابندی عائد کر دی ہے تو ان حالات میں مزدوروں کا کیا حال ہوگا۔ نیشنل لیبر فیڈریشن وزیر اعظم پاکستان اور چیف جسٹس پاکستان سے اپیل کرتی ہے کہ وہ مداخلت کریں اور مزدوروں کے انسانی حقوق کو بحال کروائیں ۔حکومت نے اگر اس ظالمانہ اور مزدوردشمن اقدام کو واپس نہیں لیا تونیشنل لیبر فیڈریشن حکومت پنجاب کے اس اقدام کے خلاف سخت احتجاج اور مزاحمت کرے گی اور نیشنل لیبر فیڈریشن اس کے خلاف پٹیشن دائر کرے گی اور کسی بھی قیمت پر اسے برداشت اور قبول نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے تمام مزدوروں مزدور یونینز اور فیڈریشنزسے بھی اپیل کی ہے کہ وہ حکومت پنجاب کے اس مزدور دشمن اقدامات کے خلاف سخت احتجاج کریںاور اپنے حقوق کیلئے متحد ہوجائیں ۔اس سلسلے میں وہ اپنی جانب سے وزیر اعظم پاکستان کو بھی خصوصی خط بھی لکھے گے ۔ اس کے علاوہ این ایل ایف پنجاب حکومت کے اس اقدام کے خلاف سخت احتجاجی مہم چلائے گی۔ حکومت پنجاب کا یہ اقدام محنت کشوں کو دیوار سے لگانے کے مترادف ہے اور مزدوروں کو دیے گئے آئینی اور قانونی حقوق کے خلاف ہے اگر پنجاب میں اس کے خلاف احتجاج نہ کیا گیا تو کل دیگر صوبوں میں بھی اس انسپکشن پر پابندی عائد کردی جائے گی اور محنت کشوں کو حاصل تمام حقوق چھین لیے جائیں گے ۔ نیشنل لیبر فیڈریشن مزدور دشمن اقدام کے خلاف پوری قوت کے ساتھ احتجاج کرے گی۔ حکومت نے اگر نظر ثانی نہیں کی تو ہم اپنے احتجاج کو پورے ملک میں پھیلا دیں گے اور ملک بھر کی تمام فیڈریشنز اور ٹریڈ یونیز کے ساتھ مل کر احتجاج کریں گے۔