جماعت اسلامی کی جانب سے اساتذہ پرلاٹھی چارج کی مذمت

119

کراچی(اسٹاف رپورٹر)جماعت اسلامی سندھ کے جنرل سیکرٹری کاشف سعید شیخ نے اپنے مطالبات کے حق میں احتجاج کرنے والے آئی بی اے اساتذہ پر پولیس تشدد کی سخت مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ احترام انسانیت و جمہوریت کے دعویدار حکمرانوں کے دور میں مرد و خواتین اساتذہ پر بدترین پولیس تشدد کے واقعے نے آمریت کے دور کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔ انہوں نے ایک بیان میں کہا کہ اپنے جائز مطالبات کے حق میں پر امن احتجاج ہر شہری کا آئینی حق ہے مگر احتجاج کرنے والے پیغمبری پیشے سے وابستہ اساتذہ پر تشدد نہ صرف اظہار رائے کی آزادی پر قدغن بلکہ حقوق انسانی کی شدید پامالی ہے۔ عالمی یوم جمہوریت پر احتجاجی اساتذہ پر تشدد حکمرانوں کی انسانیت، جمہوریت اور تعلیم دشمن ذہنیت کی عکاسی کرتا ہے۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ معزز اساتذہ پر پولیس تشدد کا نوٹس اور ملوث پولیس اہلکاروں کے خلاف کارروائی کے ساتھ اساتذہ کے جائز مطالبات کو منظور کر کے ان کی بے چینی کو ختم کیا جائے۔