یاسمین راشد کی کارکردگی شہباز شریف پر تنقید تک محدود ہے، عظمیٰ بخاری

183

لاہور (آن لائن) مسلم لیگ(ن) پنجاب کی ترجمان عظمیٰ بخاری نے پنجاب میں ڈینگی کے مریضوں میں ہوشربا اضافے پر ردعمل میں کہا ہے کہ وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد کی کارکردگی صرف شہباز شریف پر تنقید کرنے تک محدود ہے۔ شہباز شریف نے 11 ماہ کے دوران پنجاب سے ڈینگی کا مکمل خاتمہ کردیا تھا۔ سری لنکا سمیت دنیا کے کئی ممالک ڈینگی کے حیران کن حد تک خاتمے کے بعد شہباز شریف کی تعریف کرنے پر مجبور ہو گئے تھے۔ یاسمین راشد پولیو اور ڈینگی کے خطرے سے آگاہ ہونے کے باوجود معاملے کو سنجیدہ نہیں لے رہیں۔ حکومت کی نااہلی اور نالائقی کی وجہ سے پنجاب میں ایک سال کے دوران ڈینگی کے 1600 کیس سامنے آچکے ہیں۔ سب سے زیادہ ڈینگی کے کیسز راولپنڈی، سرگودھا اور لاہور میں سامنے آئے ہیں، راولپنڈی اور سرگودھا میں ڈینگی لاروا مسلسل نکل رہا ہے۔ حکومت کی جانب سے ڈینگی کی افزائش روکنے کیلیے کوئی خاطر خواہ اقدامات نہیں اٹھائے جا رہے۔ نااہل حکومت کے اقتدار میں آنے کے بعد پولیو اور ڈینگی جیسی جان لیوا بیماریوں نے دوبارہ سر اٹھانا شروع کردیا ہے۔