سندھ تقسیم کرنے کی باتیں کرنے والے معافی مانگتے پھر رہے ہیں،مراد علی شاہ

355

حیدرآباد(آن لائن) وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ سندھ تقسیم کرنے کی باتیں کرنے والے معافی مانگتے پھررہے ہیں۔ اتوار کوجھانگارا باجارا کے نزدیک نیئنگ شریف میںرکن صوبائی اسمبلی سید غلام شاہ جیلانی کے سوئم میں شرکت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ کسی میں ہمت ہے تو سندھ تقسیم کر کے دکھائے،اس ضمن میں پاکستان پیپلز پارٹی کا موقف بالکل واضح ہے اور چیئر مین پی پی پی بلاول زرداری نے سندھ کی تقسیم سے متعلق بیان بھی دیا ہے ،جس کے بعد تقسیم کی باتیں کرنے والے معافیاں مانگتے پھر رہے ہیں۔مراد علی شاہ نے کہا کہ میں نے چند ماہ قبل اسمبلی کے فلور پر سندھ کی تقسیم کا سوچنے والوں کے عزائم بے نقاب کر دیے تھے۔ وزیر اعلیٰ سندھ نے مرحوم رکن سندھ اسمبلی غلام شاہ جیلانی سے متعلق باتیں کرتے ہوئے کہا کہ مرحوم پی پی پی کے وفادار کارکن رہے اور ان کی پارٹی کے ساتھ وفاداری مثالی تھی۔ انہوں نے کہا کہ 1990ء سے لے کر 2018ء تک مرحوم سید غلام شاہ جیلانی مسلسل صوبائی اسمبلی کے رکن منتخب ہوتے رہے اور ان کے انتقال سے سندھ اور بلوچستان کی سیاست میں خلاء پیدا ہو گیا ہے اور ہم امید کرتے ہیں کہ مرحوم کے بیٹے اس خلاء کو پر کرنے کی کوشش کریںگے ۔ انہوں نے کہا کہ مرحوم کے لیے سندھ اسمبلی میں قرارداد پاس کرائی جائے گی۔