عالمی برادری کشمیر میں سانحہ رونما ہونے سے قبل اقدامات کرے،عبدالرشید ترابی

145

انقرہ (صباح نیوز) کنونیئر کل جماعتی کشمیر رابطہ کونسل، چیئرمین پبلک اکائونٹس کمیٹی عبدالرشید ترابی نے کہا ہے کہ عالمی برادری کشمیر میں سانحہ رونما ہونے سے قبل اقدامات کرے‘ ترکی، ایران اور لبنان کشمیر کی آزادی کے لیے اپنا کردار ادا کریں‘ ترکی ہمیشہ مظلوموں کی مدد کو پہنچتا ہے‘ اہل کشمیر ترکی کی طر ف دیکھ رہے ہیں‘ اسلامی ممالک بھارت کو معاشی بائیکاٹ کی دھمکی ہی دے دیں تو بھارت کشمیر چھوڑنے پر مجبور ہوجائے گا‘بھارت کی80 فیصد تجارت اسلامی ممالک سے وابستہ ہے‘ ترکی قائدانہ کردار ادا کرتے ہوئے مسلم دنیا اور عالمی برادری کو متحرک کرے کہ وہ کشمیریوں کو حق دلوانے کے لیے اپنا کردار ادا کریں‘ مقبوضہ کشمیر گزشتہ 42 دنوں سے مسلسل کرفیو کی زد میں ہے‘ پوری ریاست کو قید خانے میں تبدیل کر دیا گیا ہے‘ کشمیریوں کو دینی فریضے کی ادائیگی سے روک دیا گیا ہے‘ کھانے پینے کی اشیا بچوں کا دودھ اور ادویات ختم ہو چکی ہیں‘ ترکی کی این جی اوز نے جس طرح غزہ کے محاصرے کو توڑنے کے لیے فریڈم فلوٹیلا چلایا تھا‘ اسی طرح کشمیر کے محاصرے کو توڑنے کے لیے فریڈم فلوٹیلا چلایا جائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے عالمی کانفرنس کے موقع پر لبنان کے سابق وزیر خارجہ ڈاکٹر عدنان منصور اور ایران کے سابق وزیر خارجہ منوچر متقی سے ملاقات میں کیا۔ عبدالرشید ترابی نے کانفرنس کے کوریڈور میں سابق وزرا خارجہ کو بتایا کہ مقبوضہ کشمیر کو بھارت نے ایک کھلی جیل میں تبدیل کر دیا ہے‘ کشمیر امت مسلمہ کی طرف دیکھ رہے ہیں۔ واضح رہے کہ عبدالرشید ترابی کو ترکی میں عالمی کانفرنس میں کشمیر کی تازہ ترین صورت حال کے حوالے سے مدعو کیا گیا ہے۔ عبدالرشید ترابی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ نریندر مودی کشمیریوں کی نسل کشی کر رہاہے‘ ان حالات میں عالمی برادری اور بالخصوص امت مسلمہ کے حکمرانوں کی ذمے داری ہے کہ وہ آگے بڑھ کر اپنا کردار ادا کریں۔