چہرے بدلنے سے نظام نہیں بدلتا ‘کرپٹ عناصر کیخلاف ہیں ‘میاں اسلم

116

اسلام آباد ( نمائندہ جسارت) نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان وسابق ممبر قومی اسمبلی میاں محمد اسلم نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی حکو مت کی پالیسیوں کے نتیجے میںعوام کا جینا محال ہو چکا ہے ، ہماری لڑائی کسی فرد یا جماعت کے ساتھ نہیں ، کرپشن اور کرپٹ نظام کے ساتھ ہے ، چہرے بدلنے سے نظام نہیں بدلتا اور یہاں تو چہرے بھی وہی پرانے ہیں یہ سابقہ حکومتوں کا ہی تسلسل ہے ۔ انہوںنے کہاکہ عوام کہتے ہیں کہ کرپشن میں کمی آنے کی بجائے اضافہ ہو گیا ہے۔ انہوں نے کہا پنجاب میںپولیس کا عوام کے ساتھ رویہ انسانیت سوز ہے ،ہر روز تشدد سے ہلاکتوں کی خبریں آتی ہیں ۔ تھانوں ، پٹوار خانوں ، سر کاری دفتروں اوراہسپتالوں میں ہر فرد کی تذلیل ہوتی ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ا سلامی جمعیت طلبہ اسلام آبادکے وفد سے گفتگو کر تے ہو ئے کیا۔ میاں محمد اسلم نے کہا تبدیلی کے نام پر لوگوں کو دھوکا دیا گیاہے ۔ ایک کروڑ نوکریاں پچاس لاکھ گھروں اور ڈالر کی قیمت اور درآمدات میں کمی اور ر وپے کی قدر اور برآمدات میں اضافے کے بڑے بڑے خواب چکنا چور ہوچکے ہیں ۔ نوجوان نوکریاں نہ ملنے کی وجہ سے ڈگریاں جلانے پر مجبور ہیں ۔ پٹرول اور ڈیزل کو 65 روپے پر فکس کرنے والوں نے اس کی قیمت دوگنا کردی ہے ۔ حکومت نے وعدہ کیا تھاکہ ہم انصاف دیں گے مگر انصاف کے لیے لوگ مار ے مارے پھر رہے ہیں ۔ انھوں نے کہا ملک پر ظلم و جبر اور استحصال کا نظام ہے اس نظام کو صرف جماعت اسلامی تبدیل کر سکتی ہے ۔