ختم نبوت پر یقین کے بغیر ایمان کی تکمیل نہیں ہو سکتی،علما

170

لاہور (آن لائن)21ستمبر تاریخ ساز ختم نبوت کانفرنس وحدت روڈ تیاری کے سلسلے میں عالمی مجلس تحفظ ختم نبوت کے مرکزی ناظم تبلیغ مولانا محمداسماعیل شجاع آبادی، مرکزی سیکرٹری اطلاعات مولانا عزیزالرحمن ثانی، قاری جمیل الرحمن اختر ،مجلس لاہور کے سیکرٹری جنرل مولانا علیم الدین شاکر، مبلغ ختم نبوت لاہور مولانا عبدالنعیم،ناظم تبلیغ لاہور مولانا عبدالعزیز، پیررضوان نفیس ،مولانا محبوب الحسن طاہر ،مولانا خالد محمود ودیگر علماء کرام نے چو نگی امرسدھو ، گجرکالونی ، ڈبن پورہ، سبزہ زار میں اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ختم نبوت ہمارے ایمان کا حصہ ہے جس کے بغیر ایمان کی تکمیل نہیں ہو سکتی۔ علماء نے کہا کہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں قادیانیوں کو زیر بحث لایا گیا ہے اور معاملہ کمیٹی کے سپرد کیا گیا ہے جو قادیانیوں کے حوالے سے سفارشات تیار کرے گی، ان کا کہنا تھا کہ خدشہ ہے کہ پاکستان پر دباؤ ڈالا جائے کہ وہ قادیانیوں کے حوالے سے اپنے قوانین پر نظر ثانی کرے۔انہوں نے کہا کہ علمائے کرام اور ملک کے مقتدر حلقوں کو اس مسئلے کی حساسیت کا احساس کرتے ہوئے اپنا بھرپور کردار ادا کرنا چاہیے۔ علماء کرام نے وفا قی و زارت مذہبی امور سے مطالبہ کیا کہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں قادیانیوں کے بارے میں پیش کی جانیوالی تجاویز پر پاکستان کا قومی موقف پیش کرنے کے لیے جید علماء کرام اور قانون دان حضرات کا اعلیٰ سطحی وفد بھجوانے کا اہتمام کیا جائے تاکہ کسی بھی یکطرفہ فیصلے کے امکان کو روکا جا سکے۔