سعودی عرب کی آئل تنصیبات پر حملے حوثی باغیوں کا کام ہے، طاہر اشرفی

98

لاہور(اے پی پی )سعودی عرب کی آئل تنصیبات پر حملہ اور مقبوضہ کشمیر و فلسطین کی صورتحال پر فوری طور پر اسلامی سربراہی کانفرنس کا ہنگامی اجلاس بلایا جائے، عالم کفر اور اس کے آلہ کار مسلمانوں کے خلاف منظم سازش کے تحت حملہ آور ہیں، مسلمانوں کی وحدت کے مرکز ارض حرمین شریفین مملکت سعودی عرب کے خلاف ہونے والی سازشوں کے خاتمے کا وقت آ گیا ہے،پاکستان اور سعودی عرب مسئلہ کشمیر اور فلسطین پر واضح موقف رکھتے ہیں، حوثی باغی اور ان کے سرپرست دنیا کا امن خطرے میں ڈال رہے ہیں ، مسلمان ارض حرمین شریفین پر ہونے والے حملوں پر خاموش نہیں رہ سکتے ۔یہ بات پاکستان علما کونسل کے مرکزی چیئرمین اور سیکرٹری جنرل انٹرنیشنل تنظیم حرمین شریفین کونسل حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے جامعہ مسجد معاذ بن جبل میں مختلف مکاتب فکر کے علما و مشائخ اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ ایک منظم سازش کے تحت اسلامی ممالک کو نشانہ بنایا جا رہا ہے ، سعودی عرب کی آئل تنصیبات پر حملے حوثی باغیوں کا کام ہے ، سعودی عرب اور پاکستان کسی بھی صورت فلسطین اور کشمیر کے مسئلہ پر اپنے موقف سے دستبردار نہیں ہوں گے،ارض حرمین شریفین پر مسلسل حملے کسی ایک گروہ کا کام نہیں بلکہ یہ ان قوتوں کی سازش ہے جو مسلمانوں کی وحدت اور اتحاد کے مرکز کو نشانہ بنانے کے لیے کوشاں ہیںاور مسلمانوں کی وحدت اور اتحاد کو انتشار میں بدلنا چاہتی ہیں لیکن مسلمان کسی بھی صورت ارض حرمین شریفین کے خلاف جارحیت برداشت نہیں کر سکتے ۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ سعودی عرب میں آئل تنصیبات پر حملوں اور مقبوضہ کشمیر و فلسطین کی صورتحال پر اسلامی تعاون تنظیم کا فوری ہنگامی سربراہی اجلاس بلایا جائے اور حوثی باغیوں اور ان کے سر پرستوں کے خلاف واضح اور متفقہ موقف اور عملی اقدامات اٹھائے جائیں ۔