افغان امن عمل کی معطلی امن کیلیے شدید دھچکا ہے‘ امیر حیدر ہوتی

100

نوشہرہ (صباح نیوز) عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی سینئر نائب صدر امیر حیدر خان ہوتی نے کہا ہے کہ افغان امن عمل کی معطلی خطے کے امن کے لیے شدید دھچکا ہے‘ امن عمل کا دوبارہ آغاز کیا جائے‘ بھارت نے جنگ مسلط کی تو حکومت سے پہلے عوامی نیشنل پارٹی اور اپوزیشن پاکستان کے دفاع کے لیے کھڑی ہوگی‘ لاک ڈائون کے لیے نہیں بلکہ سلیکٹڈ وزیراعظم کی عوام و جمہوریت کش پالیسیوں کے خلاف پرامن احتجاج کے لیے اسلام آباد جائیں گے۔ رسالپور میں میڈیا سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نااہل سلیکٹڈ حکمران معاشی و سیاسی بحران پیدا کرنے کے بعد عدالتی نظام پر بھی شب خون مار رہے ہیں‘ معیشت کی بری حالت ہے‘ میڈیا کو کنٹرول کیا جا رہا ہے‘ الیکشن کمیشن کے چیف الیکشن کمیشن اور عدالت عظمیٰ کے جج قاضی فائز عیسیٰ کے خلاف حکومتی اقدامات آزاد عدلیہ اور انصاف کے منہ پر طمانچہ ہیں۔