مقبوضہ کشمیرمیں انسانیت سسک کر مر رہی ہے، عثمان بزدار

283

لاہور (آن لائن) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں انسانیت سسک سسک کر مر رہی ہے، بھارتی فوج کے انسانیت سوز مظالم کے باعث جنت نظیر وادی جہنم بن چکی ہے، مودی نے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت بدل کراپنے پاؤں پر کلہاڑی ماری ہے اور اس غیر آئینی و غیر قانونی اقدام کی باضمیر بھارتی شہری بھی مذمت کر رہے ہیں، وزیراعظم عمران خان نے ہر فورم پر کشمیر کامقدمہ مدلل انداز اور جرات مندانہ طریقے سے پیش کیا ہے اور وہ وقت دورنہیں جب مقبوضہ کشمیر کے عوام آزاد فضا میں سانس لیںگے۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کے عوام مسلسل کئی روز سے کرفیو کے باعث گھروں میں قید ہیں اور بھارت مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی کھلم کھلا خلاف ورزیاں کر رہا ہے۔مودی سرکار جان لے کہ وہ دنیا کی آنکھوں میں اب دھول نہیں جھونک سکتی۔ مقبوضہ کشمیر کے مسلمانوں کی نسل کشی کے مذموم بھارتی عزائم کبھی پورے نہیں ہوںگے۔ پاکستان مظلوم کشمیری بہن بھائیوںکو کبھی اکیلا نہیں چھوڑے گا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ ظالم مودی نے مقبوضہ کشمیر میں سفاکیت برپا کر رکھی ہے۔ مودی جمہوری رہنما نہیں، دور حاضر کے یزید کا روپ دھار چکا ہے۔ انسانیت سوز مظالم اور بے جا پابندیوں کے باوجود بھی مقبوضہ کشمیر کے عوام آزادی کے حق کیلیے لڑ رہے ہیں۔ مظلوم کشمیری عوام کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیںگی۔