عوام کی خدمت کیلیے محکموں کو جدید بنا رہے ہیں، وزیراعلیٰ پختونخوا

347

پشاور (آن لائن) وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے کہا ہے کہ عوام کو خدمات کی بروقت اور مؤثر فراہمی کیلیے صوبائی محکموں اور اداروں میں جدت متعارف کرائی جارہی ہے، اس مقصد کیلیے خیبر پختونخوا انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ اور دیگر اداروں کو صحیح معنوں میں فعال بنایا جارہا ہے، انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ دیگر اداروں کے ساتھ رابطے میں ہے تاکہ صوبائی حکومت کی ڈیجیٹل پالیسی کے تحت مجوزہ اہداف کا حصول ممکن ہوسکے، پختونخوا حکومت انفارمیشن ایند کمیونیکیشن ٹیکنالوجی کے میدان میںترقی کی راہ پر گامزن ہے۔ صوبے کے آئی سی ٹی کے شعبے میں بہت زیادہ مواقع موجود ہیں، اس شعبے میں مقامی اور بین الاقوامی سرمایہ کاروں کے ساتھ بھرپور تعاون کیا جائے گا۔ وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ پشاور میں اراکین صوبائی اسمبلی سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ جدید دور کے چیلنجز کا مقابلہ کرنے کیلیے آئی ٹی کی صنعت کا فروغ ناگزیر ہے، ہمیں اپنے روایتی طرز حکمرانی سے نکل کر جدت کی طرف جانا ہوگا۔ صوبائی حکومت اس سلسلے میں مکمل منصوبہ بندی کے تحت آگے بڑھ رہی ہے۔ محمود خان نے اس موقع پر حکومت کے اہم منصوبوں کا ذکر بھی کیا۔ انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا کے ڈیجیٹل یوتھ ایمپلائمنٹ پروگرام کے تحت مختلف نوعیت کے منصوبے جاری ہیں جن میں نوجوانوں کو فنی تربیت دی جارہی ہے۔ یہ نوجوان ناصرف خود نفع بخش کاروبار کر رہے ہیں بلکہ دیگر بے روزگار نوجوانوں کو بھی اپنے ساتھ روزگار کے مواقع دے پارہے ہیں۔ انہو ں نے کہا کہ حکومت کا یہ اقدام یقینی طور پر ملک میں بے روزگاری کے مسئلے پر قابو پانے میں مدد گار ثابت ہوگا۔ اس پروگرام سے اب تک ہزاروں نوجوان مستفید ہوچکے ہیں۔