ایم ایس میرپور خاص سول اسپتال اور سول سرجن معطل

137

میرپور خاص، کراچی ( مانیٹر نگ ڈ یسک +اسٹاف رپورٹر)میرپور خاص میںبچے کی میت موٹر سائیکل پر گھر لے جانے والے والد اور چچا کے جاں بحق ہونے کے معاملے کی انکوائری رپورٹ جاری کردی گئی۔ہفتے کو میرپور خاص میں والد اور چچا سول اسپتال سے بچے کی میت لے جا رہے تھے کہ اس دوران ٹرک کی ٹکر سے دونوں افراد جاں بحق ہو گئے۔سول اسپتال کے ایم ایس ڈاکٹر خلیل میمن کا اس حوالے سے کہنا تھا کہ بچے کے والد اور چچا اسپتال انتظامیہ کو بتائے بغیر میت لے کر چلے گئے، میت لے جانے کے لیے ایمبولینس نہیں مانگی گئی۔ بعدازاں بچے کے نانا نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ایمبولینس کے لیے ڈرائیور نے 2500 روپے مانگے تھے اور ہمارے پاس صرف 300 روپے تھے، بہت منتیں کیں لیکن ایمبولینس کا ڈرائیور نہیں مانا ،جس پر میت کو موٹر سائیکل پر لے جانے کا فیصلہ کیا۔پولیس کے مطابق واقعے پر 3 مختلف تحقیقات ہو رہی ہیں کیونکہ محکمہ صحت اور ڈپٹی کمشنر نے الگ الگ تحقیقات کاحکم دیا ہے جب کہ پیپلز پارٹی کے ایم این اے میر منور تالپور نے بھی تحقیقات کے لیے3 رکنی کمیٹی تشکیل دی ہے۔محکمہ صحت کی انکوائری رپورٹ کے مطابق بچے کے والدین نے میت لے جانے کے لیے اسپتال انتظامیہ سے ایمبولنس مانگی لیکن سول اسپتال کی انتظامیہ نے ایمبولنس فراہمی سے انکار کیا اور پیسے طلب کیے۔انکوائری رپورٹ کے مطابق گھر والے بچے کی میت موٹر سائیکل پر لے گئے، راستے میں موٹر سائیکل کو حادثہ پیش آیا جس میں والد اور چچا جاں بحق ہو گئے۔محکمہ صحت کی انکوائری رپورٹ میں سول سرجن ڈاکٹر محمد اسلم کو فوری معطل کرنے کی سفارش کی گئی ہے۔محکمہ صحت سندھ نے انکوائری رپورٹ میں کی گئی سفارش پر عمل درآمد کرتے ہوئے سول اسپتال میرپور خاص کے میڈیکل سپریٹنڈنٹ (ایم ایس) اور سول سرجن کو معطل کردیا۔وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کے حکم اور رپورٹ کے بعد چیف سیکرٹری سندھ نے دونوں کی معطلی کا نوٹی فکیشن جاری کیا۔ وزیر اعلیٰ سندھ نے میرپورخاص واقعے پر گہرے رنج و دکھ کا اظہار بھی کیا۔