حکومتی پالیسیوں نے عوام کا جینا محال کردیا،چودھری سجاد سرور

109

اسلام آباد (نمائندہ جسارت) سارک ایس ایم ای کمیٹی کے وائس چیئرمین چودھری سجاد سرور نے کہا ہے کہ حکو مت کی پالیسیوں کے نتیجے میںعوام کا جینا محال ہوچکا ہے۔ گزشتہ روز اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ تبدیلی کے نام پر لوگوں کو دھوکا دیا گیا ہے۔ ایف بی آر کی طرف سے نافذ کیا جانے والا مشکل اور پیچیدہ نظام کسی صورت چھوٹے تاجر کیلیے ممکن نہیں۔ حکومت سخت شرائط کو ختم کرتے ہوئے تاجروں کیلیے ان کی سالانہ سیل پر فکس ٹیکس اسکیم کا نظام لائے۔ صنعتوں کا سست روی سے چلتا پہیہ، مارکیٹوں میں خریداری مزید کم ہونے سے مہنگائی، بیروزگاری، لاقانونیت کے عفریت پر قابو پانا حکمرانوں کیلیے ممکن نہیں رہے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایک کروڑ نوکریاں، 50 لاکھ گھروں اور ڈالر کی قیمت اور درآمدات میں کمی اور روپے کی قدر اور برآمدات میں اضافے کے بڑے بڑے خواب چکنا چور ہوچکے ہیں۔ نوجوان نوکریاں نہ ملنے کی وجہ سے ڈگریاں جلانے پر مجبور ہیں۔ پیٹرول اور ڈیزل کو 65 روپے پر فکس کرنے والوں نے اس کی قیمت دو گنا کردی ہے۔ حکومت نے وعدہ کیا تھا کہ ہم انصاف دیں گے مگر انصاف کے لیے لوگ مار ے مارے پھر رہے ہیں۔