فرانس: لیون کے ثقافتی میلے میں پاکستانی اسٹال

248

 

مکتوب پیرس

پاکستان نے فرانس کے دوسرے بڑے شہر لیون کے اٹھارہویں بین الاقوامی ثقافتی میلے میں اپنا اسٹال لگایا، جسے انتہائی خوبصورتی سے سجایا گیا تھا۔ یہی وجہ تھی کہ پاکستانی اسٹال میلے میں شریک پاکستانیوں کے علاوہ دیگر مہمانوں کی توجہ کا مرکز بنا رہا۔
لیون کے سالانہ ثقافتی میلے میں 50 سے زائد ممالک اپنی ثقافتی اور روایتی نمایش پیش کرتے ہیں، اس حوالے سے رواں برس 56 ممالک نے اس منفرد میلے میں حصہ لیا ہے۔
بین الاقوامی ثقافتی میلے کا افتتاح لیون شہر کے میئر جراڈ کولمب نے کیا۔ اس موقع پر انہوں نے مختلف ممالک کے اسٹالوں کا دورہ کیا۔ مہمان نے خوبصورت رنگوں سے سجائے گئے پاکستانی اسٹال کی تعریف کی اور سفیر پاکستان معین الحق کا میلے میں شرکت کرنے پر شکریہ ادا کرتے ہوئے میئر لیون جراڈ کولمب کا کہنا تھا کہ اس بین الاقوامی ثقافتی میلے میں پاکستانی اسٹال ہمیشہ ہی مہمانوں کی دلچسپی کا مرکز رہا ہے۔
تقریب میں شریک سیکڑوں مہمانوں نے خصوصی طور پر نہ صرف پاکستانی کھانوں کو سراہا بلکہ میلے میں پاکستان کے مختلف علاقوں کی تصویری نمایش میں بھی گہری دلچسپی ظاہر کی۔ واضح رہے کہ بین الاقوامی میلے میں پاکستان کی دستکاری، کپڑوں، کھانوں اور موسیقی کے ساتھ پاکستان کے سیاحتی مقامات کی یادگاری نمایش بھی کی جا رہی ہے۔
گزشتہ برس فرانس میں پاکستانی سفارت خانے کی جانب سے پاکستانی سیاحت کے حوالے سے شروع کی جانے والی مہم کے بعد سے پاکستان آنے والے فرانسیسی سیاحوں کی تعداد میں غیر معمولی اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔
میلے کے دوران سفیر پاکستان معین الحق نے پاکستانی اسٹال پر آنے والے مہمانوں کا خیر مقدم کیا اور انہیں پاکستان کے متنوع ثقافتی ورثہ، شاندار مناظر اور 20 کروڑ سے زائد پاکستانیوں کی مہمان نوازی سے آگاہ کیا۔
واضح رہے کہ 2016ء سے یہ چوتھا موقع ہے کہ پاکستان لیون کے اس بین الاقوامی ثقافتی میلے میں بھرپور طریقے سے حصہ لے رہا ہے۔ یہاں اسٹال لگانے کے علاوہ میلے میں شریک ممالک اپنے روایتی ثقافتی تہواروں کو اجاگر کرنے کے لیے اسٹیج شوز کا انعقاد بھی کرتے ہیں۔ یہ بین الاقوامی ثقافتی میلہ 3 روز تک جاری رہے گا اور اس میں 40 ہزار افرادکی آمد متوقع ہے۔