سندھ کی سا لمیت پر وار کرنے والوں کو برداشت نہیں کریں گے

463

شکارپور (نمائندہ جسارت) سندھ کی سا لمیت پر وار کرنے والوں کو کبھی بھی برداشت نہیں کریں گے ان کا تعلق چاہے کسی بھی پارٹی یا زبان سے ہو، چیف سردار جاگن خان بھیو۔ نوجوان تعلیم یافتہ چیف سردار جاگن خان بھیو نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ سندھ کی سا لمیت پر وار کرنے کی سخت الفاظ میں مذمت کرتا ہوں، سندھ مقدس دھرتی ہے، سندھ کی حفاظت کرنا ہمارے ایمان کا حصہ ہے، سندھ کی سا لمیت پر باتیں کرنے والوں کو کبھی برداشت نہیں کریں گے، ان کا تعلق چاہے کسی بھی پارٹی یا کسی بھی قوم سے ہو۔ ہم اپنے دھرتی کو سنوارنا خوب جانتے ہیں، کراچی سندھ کی پہچان ہے اور ہمیشہ رہے گا۔ سندھ دھرتی ماں کے لیے ہم ہر قربانی دینے کو تیار ہیں، آج سندھ پر سازش کے تحت قبضہ کیا جارہا ہے مگر ہم کسی کی بھی ایسی سازش کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ مہنگائی نے عوام کی کمر توڑ دی، غریب تو کیا متوسط طبقہ بھی اس آمدنی میں گزارا نہیں کرپا رہا، پیٹرول اور ڈالر مہنگا کردیا گیا ہے۔ وفاقی حکومت عوام کو کوئی ریلیف نہیں دے سکی، صوبوں کو کام نہیں کرنے دیا جارہا۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ حکومت اگر واقعی ملک اور معیشت کو ترقی دینا چاہتی ہے تو پھر اسے زراعت پر بھرپور توجہ دینا ہوگی، اس سے ملک اور صوبوں کی بھی ترقی ہوگی۔