نوابشاہ، ایوان صنعت و تجارت کے انتخابات، نیشنل بزنس فائونڈر گروپ کی فتح

171

نوابشاہ (سٹی رپورٹر) ایوان صنعت و تجارت کے انتخابات میں سابق نائب ناظم میونسپل کمیٹی چودھری عبدالقیوم آرائیں، امیر جماعت اسلامی نجف رضا اور چیئرمین بلدیہ عظیم مغل کامیاب ہوگئے، سابق نائب ناظم کے گروپ نیشنل بزنس فائونڈر گروپ کے 10 اور شہری تاجر اتحاد کے 4 امیدوار کامیاب ہوئے۔ نیشنل بزنس فائونڈر گروپ کے 10 اراکین جبکہ شہری تاجر اتحاد کے صرف 4 امیدوار کامیاب ہوسکے، ووٹنگ سپہر 3 بجے شروع ہوئی جو شام 7 بجے تک جاری رہی، 14 نشستوں کے لیے مقابلے کے لیے 31 امیدواروں نے اپنے کاغذات نامزدگی جمع کروائے تھے جبکہ 192 اراکین میں سے 182 ارکان نے اپنا حق رائے دہی استعمال کیا، 10 ارکان کا بیرون ملک اور شہر سے باہر ہونے کی وجہ سے اپنا ووٹ کاسٹ نہیں کرسکے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ نیشنل بزنس فائونڈر گروپ کی جانب سے کھڑے ہونے والے امیداروں میں امیر جماعت اسلامی نوابشاہ نجف رضا کامیاب جبکہ شہر کے چیئرمین عظیم مغل بھی کامیاب ہوگئے۔ نیشنل بزنس فائونڈر گروپ کے رہنما حاجی عبدالقیوم قیوم آرائیں نے کہا کہ کامیاب ہونا بڑی بات نہیں اصل کامیابی اپنے منصب و فرائض کو احسن طریقے سے انجام دینا ہے، ہار جیت انتخابات کا حصہ ہے، ہم ہارنے والے امیدواروں کو بھی ساتھ لیکر چلیں گے اور ہر موڑ پر ان کے مشوروں اور تجاویز کو پیش نظر رکھیں گے۔ اس وقت ایوان صنعت و تجارت کو بے شمار مسائل کا سامنا ہے، ہم چاہتے ہیں کہ نوابشاہ ایوان صنعت و تجارت کے دیرینہ مسائل کو حل کیا جائے تاکہ تاجر برادری کو ریلیف مل سکے۔ کامیاب ہونے والے امیداور نوابشاہ پریس کلب میں تشریف لائے اور صحافی برادری کا شکریہ ادا کیا۔ اس موقع پر کامیاب ہونے والے امیدواروں کو مبارک باد دیتے ہوئے نیک شگون کا اظہار کیا گیا۔ حاجی عبدالقیوم آرائیں نے 105 ووٹ لیے حاجی عبدالقیوم آرائیں نوابشاہ میونسپل کمیٹی کے سابق نائب ناظم بھی رہ چکے ہیں۔ پرویز عظیم 104 ووٹ، عمران عظیم 104، نجف رضا 91 ووٹ، آصف آرائیں 90، ستار قریشی 87، عامر قریشی 87، یاسین جی ایم 96، حاجی محمد عمران96، عظیم مغل 97، غلام مرتضیٰ سموں 87 ، منیر کھوکھر 87، نعیم اعظم 87 ووٹ لیکر کامیاب ہوئے۔