عارف والا ،ٹریفک حادثے میں 2افراد جاں بحق ،6 شدید زخمی

174

عارف والا (اے پی پی) ٹریفک کے المناک حادثات میں 2 افراد جاںبحق، 6 افراد زخمی ہوگئے ۔ نواحی گائوں95/EB کے نزدیک رکشہ اور موٹرسائیکل میں ٹکر سے60 سالہ محمد ممتاز موقعہ پر زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق جبکہ بیٹا محمدعابد ممتاز شدید زخمی ہوگیا۔ دوسرے حادثے میں پاکپتن سے عارفوالا آتے ہوئے سلیم کوٹ جھال کے نزدیک تیز رفتار ہارویسٹر اور کار میں ٹکر کے نتیجے میں 14سالہ محمد عثمان موقع پرجاں بحق جبکہ دیوان علی بختیار چشتی کی 36 سالہ اہلیہ نادیہ، 50 سالہ گل شہنواز زوجہ بختاور، 12 سالہ فرید اللہ، 13سالہ نائلہ دختر اللہ اور 33 سالہ سعید ولد اللہ دتہ زخمی ہوگئے۔ ریسکیو 1122 اہلکاروں نے جاں بحق اور زخمیوں کو اسپتال منتقل کردیا جہاں پر دو افراد کی حالت تشویشناک ہے۔ دونوں ڈرائیور جائے وقوع سے فرار ہوگئے۔ نصیر آباد، ڈیرہ مراد جمالی کے وارڈ نمبر 5 بھٹو محلہ میں 5 سالہ بچہ بجلی کا کرنٹ لگنے سے جاں بحق ہوگیا، لاش ضروری کارروائی کے بعد ورثا کے حوالے کردی گئی۔ لاش گھر پہنچنے پر کہرام مچ گیا اور ہر آنکھ اشکبار تھی۔ نصیر آباد بولان کے علاقے مچھ میں ٹریفک حادثے میں ایک عورت جاں بحق ہوگئی جبکہ ایک شخص شدید زخمی ہوگیا۔ سرکاری ذرائع کے مطابق بولان کے علاقے مچھ کے قریب ٹھاکر ہوٹل کے مقام پر ٹرالر نے موٹر سائیکل کو ٹکر مار دی، جس کے نتیجے میں ایک خاتون جاں بحق جبکہ ایک شخص زخمی ہوگیا۔ لاش کو مچھ اسپتال پہنچا دیا گیا، جہاں طبعی امداد کے بعد زخمی کو کوئٹہ ریفر کردیا گیا جبکہ خاتون کی لاش ورثا کے حوالے کر دی گئی۔