بلوچستان، پولیس کے 270 جوان تربیت مکمل کرکے پیشہ ورانہ امور سے منسلک

297

کو ئٹہ(نمائندہ جسارت)بلوچستان پولیس کے 270 جوان تربیت مکمل کرکے پیشہ ورانہ امور سے منسلک ہوگئے۔ پاسنگ آؤٹ پریڈ کی تقریب میں اہلکاروں نے صلاحیتوں کا عملی مظاہرہ بھی کیا۔قلات ریکروٹمنٹ ٹریننگ سینٹر میں بلوچستان پولیس کی پاسنگ آؤٹ پریڈ کی تقریب ہوئی۔جس جدید تربیت مکمل کرنے والے دوسو ستر جوان پاس آؤٹ ہوئے۔ پاسنگ آؤٹ پریڈ کی تقریب میں اہلکاروں نے صلاحیتوں کا عملی مظاہرہ کیا۔ تقریب سے ایڈیشنل ڈی آئی جی سی ٹی ڈی پولیس بلو چستان ظفر علی شیخ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آر ٹی سی قلات ایک قدیم اور تاریخی ریکروٹمنٹ سینٹر ہے اس کے مسائل کے حل کے لیے تما م دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔ جوانوں کی اعلیٰ معیار کی تربیت کو دیکھ کر مجھے بہت خوشی ہوئی، نئے تربیت پانے والے جوانوں کو مبارک باد پیش کرتا ہوں اور قوی امید رکھتا ہوں کہ وہ اپنے علاقوں میں امن وامان سمیت لوگوں کی خدمت پر خصوصی توجہ دیں گے۔ پولیس ایک مقدس پیشہ ہے، پولیس کے جوانوں کا اعلیٰ اخلاق ادارے کے لیے فخر کا باعث ہے، موجودہ حالات کے مطابق پولیس کے جوانوں کی ذمے داریاں بڑھ گئی ہیں، دہشت گردی سے نمٹنے کے لیے پولیس کے جوانوں کو ہمہ وقت تیار رہنا ہوگا۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر قلات شہیک بلوچ، ایس ایس پی دوستین دشتی، ایس ایس پی ہیڈ کوارٹر امجد، پرنسپل آر ٹی سی سکندر خان خجک، قبائلی رہنما سردار عبدالکریم نیچاری، ڈی ایس پی منظور احمد مینگل، ہیڈ کانسٹیبل عبدالحمید مری، عطا اللہ پریڈ نائب کمانڈنٹ سمیت علاقہ معتبرین اور شہریوں کی بڑی تعداد موجود تھی جبکہ پرنسپل آر ٹی سی سکندر خان خجک نے سپاس نامہ پیش کیا، جس میں آر ٹی سی قلات کو اپ گریڈ کرکے پولیس ٹریننگ سینٹر کا درجہ دینے ایمبولینس کی منظوی سمیت دس مطالبات پیش کیے گئے، جس پر ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی پولیس ظفر علی شیخ نے کہا کہ آر ٹی سی قلات کو در پیش مسائل کے حوالے سے سپاسنامے میں پیش ہو نے والے تمام مسائل کو حل کیا جائے گا اور ریکروٹ ٹریننگ سینٹر کو مزید فعال بنایا جائے گا۔