آرٹیکل 149 کی تشریح کا درس دینے کیلیے کمیٹی تشکیل دی جائے‘صوبائی وزیر

134

کراچی ( اسٹاف رپورٹر ) صوبائی وزیر برائے صنعت و تجارت اور امداد باہمی جام اکرام اللہ دھاریجو نے کہا ہے کہ سلیکٹیڈ وزیراعظم اور فروغ نسیم بشمول دیگر کابینہ کے اراکین کو آرٹیکل 149 کی تشریح کا درس دینے کے لیے ایک کمیٹی تشکیل دی جائے جو ان کو آئین کی اصل روح سے آگاہ کرے۔ یہ بات انہوں نے اپنی رہائش گاہ پر مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت نے 13 ماہ کی حکومت کے دوران اب تک صرف اور صرف کمیٹیاں بنائی ہیں جن کے کوئی نتائج سامنے نہیں آئے ہیں۔ صوبائی وزیر جام اکرام اللہ دھاریجو نے مزید کہا کہ سندھ کے لیے وفاق کے پاس 72 برسوں سے ایمرجنسی کی سوچ ہے جو قابل افسوس ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ بات قابل مذمت ہے کہ مارشل لاء ، ون یونٹ اور آئینی اختیارات کے قتل عام کے بعد اب اٹھارہویں ترمیم پر بھی حملہ کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ کی تقسیم کا خواب دیکھنے والے احمقوں کی جنت میں رہتے ہیں اور ان کا یہ خواب کبھی پورا نہیں ہوگا۔ جام اکرام اللہ دھاریجو نے کہا کہ جب پاکستان کی بقا کے لیے سند ھ قربانی دے سکتا ہے تو سندھ اپنی بقا کے لیے سب کچھ کرسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سلیکٹیڈ وزیراعظم سے اپنے وزرا نہیں سنبھل رہے وہ ملک کیسے چلائیں گے۔عوام کو سبز خواب دکھانے والوں کا اب عوام برا حشر کریں گی پاکستانی عوام کے صبر کا پیمانہ اب لبریز ہوچکا۔ جام اکرام اللہ دھاریجو نے کہا کہ پیپلز پارٹی قیادت کو ہر دور آمرانہ میں صعوبتیں دی جاتی رہی ہیں لیکن ہم نے ہمیشہ آمروں کا دلیری سے مقابلہ کیا ہے۔