پی پی کی نااہل حکومت کی وجہ سے کے فور منصوبہ التواکاشکار ہے‘امین الحق

128

کراچی ( اسٹاف رپورٹر ) متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے زیر اہتمام واٹر بورڈ کیخلاف ملیر میں ہونے والے مظاہرے سے رابطہ کمیٹی کے رکن و ممبر قومی اسمبلی سید امین الحق نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پیپلز پارٹی کی سندھ حکومت کی نا اہلی اور مجرمانہ غفلت کے باعث کے فور کا منصوبہ گزشتہ کئی سالوں سے التوا کا شکار ہے جس کے باعث شہر کراچی کوقلت آب کا سامنا ہے پیپلز پارٹی کی عوام دشمن حکومت وسائل پر قبضہ کیے ہوئے ہے اور نا ہی مسائل حل کرنے میں سنجیدہ نظر آتی ہے قومی مالیاتی کمیشن سے ملنے والا حصہ اور کراچی سے حاصل ہونے والا رویونیو منصفانہ طور پر تقسیم نہیں ہو رہا آج کے اس احتجاجی مظاہرے کے توسط سے ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ صوبائی مالیاتی کمیشن فوری تشکیل دیا جائے۔امین الحق نے مزید کہا کہ عوام نے یہ فیصلہ کرلیا ہے اب یہ مظاہرے روکیں گے نہیں بلکہ ایک بڑا مظاہرہ وزیر اعلیٰ ہاؤس پر بھی کیا جائیگا۔اس موقع پر امین الحق نے آئین کے آرٹیکل 149(4)کے نفاذ کے حوالے سے عوام سے رائے لی تو انہوں نے ہاتھ فضا میں بلند کر کے اسکی تائید کی۔مظاہرے سے رابطہ کمیٹی کے رکن و ممبر سندھ اسمبلی محمد حسین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پیپلز پارٹی نے گزشتہ 11سالوں میں کراچی دشمنی کا ثبوت دیا ہے ملیر سمیت کراچی کے عوام بوند بوند پانی کو ترس رہے ہیں گلی گلی میں گٹر ابل رہے ہیں سندھ میں پیپلز پارٹی کی حکومت نا خود کوئی کام کر رہی ہے اور نہ ہی بلدیاتی اداروں کو اختیار اور وسائل دے رہی ہے پیپلز پارٹی کی حکومت ہوش کے ناخن لے بصورت دیگر احتجاج پورے شہر میں پھیل جائیگا۔رابطہ کمیٹی کے رکن حمید الظفر نے مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ملیر کی 06 یونین کونسل میں واٹر بورڈ کے دفاتر موجود ہیں لیکن عملہ نظر نہیں آتا وزیر بلدیات اور ایم ڈی واٹر بورڈ سے ملاقاتیں بے سود ثابت ہوئیں ملیر سمیت شہر کراچی میں نکاسی آب کا نظام تباہ ہوچکا ہے۔