میئر اسلام آباد کو کراچی بنانا چاہ رہے ہیں، استعفا دیدیں، علی نواز اعوان

182

اسلام آباد (صباح نیوز) وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سی ڈی اے علی نواز اعوان نے کہا ہے کہ اسلام آباد میں پانی کا بحران ہے، میئر اسلام آباد کو کوئی فکر نہیں ہے، میئر صاحب اسلام آباد کو کراچی بنانا چاہ رہے ہیں، میئر کو چاہیے استعفا دے دیں، اسلام آباد میں ڈینگی سے اموات ہوچکی ہیں، اسلام آباد کے صاف ستھرے سیکٹرز میں بھی اب کچرے کے ڈھیر لگے ہوئے ہیں، لیکن میئر صاحب چھٹیاں منانے ملک سے باہر گئے ہوئے ہیں۔ اتوار کو اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سی ڈی اے علی اعوان نے کہا ہے کہ اسلام آباد میں پانی کی شدید قلت پیدا ہوگئی ہے۔ 190 میں سے صرف 150 ٹیوب ویل چل رہے ہیں۔ آئی ایٹ، آئی نائن سیکٹر میں پانی کا بحران ہے۔ ایشیا کا سب سے بڑا پارک ایف نائن کی حالت خراب ہے۔ میئر اسلام آباد کو شہر کی کوئی فکر نہیں ہے۔ میئر کے اکاؤنٹ میں 2 ارب روپے پڑے ہوئے ہیں، انہوں نے سب اکاؤنٹ منجمد کروا دیے ہیں۔ میئر صاحب وہ پیسے اسلام آباد کے لوگوں پر خرچ کرنے کو تیار نہیں ہیں۔