ناجائز حکومت کیخلاف آخر حد تک جائیں گے‘ عبدالغفور حیدری

146

اسلام آباد (صباح نیوز) جمعیت علما اسلام (ف) کے سیکرٹری جنرل سینیٹر مولانا عبدالغفور حیدری نے کہا ہے کہ جس حکومت کو ہم ناجائز سمجھتے ہیں اس کے خلاف تو ہم آخر حد تک جائیں گے اور اگر کسی نے مداخلت کی تو اس کا ردعمل ضرور ہو گا‘ جے یو آئی (ف) کا دھرنا ڈی چوک پر طے ہے‘ لاکھوں لوگ جمع ہوں گے‘ ہماری طرف سے کوئی ایسا اقدام نہیں ہو گا
جس سے نقص امن عامہ ہو ہاں اگر بلاوجہ راستہ روکا گیا اور گرفتاریاں ہوئیں تو پھر اس کا ردعمل ہوگا‘ ہماری کوشش ہو گی کہ دھرنے کے حوالے سے تمام جماعتوں کو ساتھ لے کر چلیں گے اور اگر وہ نہیں بھی آتے تو ہم نے طے کر لیا ہے کہ اکتوبر میں اسلام آباد میں لوگوں کا سیلاب ہو گا‘ چارٹر آف ڈیمانڈ دیگر جماعتوں سے مل کر طے کر رہے ہیں تاہم ایک نقطہ پر سب کا اتفاق ہے کہ عمران خان کا استعفا، اسمبلیوں کی تحلیل اور ازسرنو صاف و شفاف انتخابات کرائے جائیں‘ اکتوبر میں ہی دھرنا ہو گا۔ ان خیالات کا اظہار مولانا عبدالغفور حیدری نے نجی ٹی وی سے انٹرویو میں کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ دنوں نوا زشریف کا مولانا فضل الرحمن کو پیغام موصول ہوا ہے کہ جدوجہد آزادی کے حوالے سے آپ ملین مارچ کر رہے ہیں یا دھرنا دے رہے ہیں‘ ہم آپ کے ساتھ ہیں‘ ہم پی ایم ایل (ن)کا خیر مقدم کرتے ہیں اور پیپلز پارٹی سے بھی اسی طرح کی توقع رکھتے ہیں۔