عالمی برادری کشمیر کی سنگین صورتحال کا فوری نوٹس لے ،اسد اللہ بھٹو

258

کراچی(اسٹاف رپورٹر) جماعت اسلامی پاکستان کے نائب امیر اسد اللہ بھٹو نے کہا ہے کہ اقوم متحدہ اور عالمی برادری کشمیر کی سنگین صورتحال کا نوٹس لے ۔ مسلسل کرفیو سے انسانی المیہ جنم لے سکتا ہے ۔کشمیر میں مرنے والے مسلمان ہیں اس لیے عالمی امن کے ٹھیکیدار خاموش ہیں ۔دیگرمذاہب کے لوگ ہوتے تو دنیا میں قیامت آجاتی ۔بھارت دنیا کی سپر پاور بننا چاہتا ہے ۔ حسینی کردار کے ذریعے بھارت کا مقابلہ کیا جائے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی علاقہ لانڈھی شرقی کے تحت لانڈھی ٹو
سی ایریا بابر مارکیٹ میں شہادت کانفرنس اور حجاج کے اعزازمیں دیے گئے استقبالیے سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر امیر ضلع کورنگی عبدالجمیل خان ،عالمگیر مسجد بابر مارکیٹ کے خطیب وامام مولانا فیض رسول ،ناظم علاقہ مرزا نعمان بیگ ،مرزا ثوبان بیگ اور ناظم حلقہ ناصر حسن انصاری نے بھی خطاب کیا جبکہ ممتازنعت خواں حافظ سلمان طارق نے نعت مقبول ؐکا نذرانہ پیش کیا ۔اسد اللہ بھٹو نے کہا کہ کشمیر کا مسئلہ مذاکرات سے نہیں بلکہ جہاد کے ذریعے حل ہوگا ،لاتوں کے بھوت باتوں سے نہیں مانتے ۔وزیر اعظم آزاد کشمیر میں جلسہ کرنے کے بجائے ایل او سی پر قوم کو جمع کریں اور بھارت کے خلاف جہاد کا اعلان کیا جائے ۔بھارت امریکا اور اسرائیل سب ایک ہیں اور وہ مسلمانوں کو تباہ وبرباد کرنا چاہتے ہیں ۔مسلمان موت سے کبھی نہیں ڈرتا ۔شہادت ہماری آرزوہے ۔عبدالجمیل خان نے کہا کہ مسئلہ کشمیر پر پوری قوم ایک ہے ۔حکمرانو نے اگر کشمیر کا سودا کیا تو قوم انہیں اقتدار سے اتار پھینک دے گی۔