مصر ی دانشوروں وفدپاکستان اور کشمیر کے دورے پر اسلام آباد پہنچ گیا

138

اسلام آباد(خصوصی رپورٹ) مصر کے دانشوروں کا 5 رکنی وفد آزاد کشمیر اور پاکستان کے 7روزہ دورے پر اسلام آباد پہنچ گیا، مصری دانشوروں اور یونیورسٹی پروفیسرز کے امن وفد کی قیادت جامعۃ الازہر یونیورسٹی کے پروفیسر ڈاکٹر ابراہیم محمدابراہیم کررہے ہیں جبکہ وفد میں پی ایچ ڈی ا سکالر بدریہ محمد احمد، عبدالقائمز، حنا احمد بکر، محمد عبدالرزاق، شاہاد سعد محمد وصل اور ہیگازے ربیع طوافق ابراہیم شامل ہیں۔ پاکستان میں اپنے قیام کے دوران مصری دانشوروں کا یہ وفد آزاد جموں و کشمیر کے صدر مسعود خان، وزیراعظم راجا فاروق حیدر اور آل پارٹیز حریت کانفرنس کے قائدین کے علاوہ جموں و کشمیر لبریشن فرنٹ کے اسیر قائد یاسین ملک کی اہلیہ مشعال ملک سے بھی ملاقات کریگا اور ان سے مقبوضہ وادی کشمیر میں جاری بھارتی افواج کے انسانیت سوز مظالم کے بارے میں معلومات حاصل کریگا۔ مصری دانشوروں کا یہ وفد آزاد جموں وکشمیر اسمبلی اور مظفرآباد میں کشمیری مہاجرین کے کیمپ کا بھی دورہ کریگا۔مصری وفد کشمیری رہنماوں سے ملاقاتوں کے دوران مقبوضہ جموں وکشمیر میں بھارتی حکومت کی جانب سے مقبوضہ وادی کی خصوصی حیثیت کے غیرقانونی خاتمے کے بعد پیدا ہونیوالے بحران کے بارے میں بھی تبادلہ خیال کریگا۔ مصری دانشوروں کا یہ وفد اسلام آباد میں پی ٹی وی سینٹر ، قائداعظم یونیورسٹی کے پاکستان اسٹڈیز سنٹر، نیشنل یونیورسٹی آف ماڈرن لینگویجز(نمل)، کومساٹس یونیورسٹی اور ساوتھ ایشین اسٹرٹیجک اسٹیبلیٹی انسٹی ٹیوٹ کا بھی دورہ کریگا جہاں مصری دانشوروں کا وفد پاکستانی دانشوروں کیساتھ دونوں ممالک کی یونیورسٹیوں کے مابین باہمی تعلقات اور دلچسپی کے دیگرامور پر بھی تبادلہ خیال کرے گا۔ یہ مصری وفد 20 ستمبر کو واپس مصر روانہ ہوجائیگا۔