ڈاکٹر عشرت العباد خان نے کراچی وفاق کے زیرانتظام کرنے کی مخالفت کردی

220

کراچی(اسٹا ف رپورٹر)سابق گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان نے بھی کراچی میں آرٹیکل 149 کے نفاذ اور اسے وفاق کے زیرانتظام کرنے کی مخالفت کردی ہے، دبئی سے ٹیلی فون پر جی ڈی اے اور فنکشنل مسلم لیگ کے سربراہ پیر صاحب پگارا سے ٹیلیفونک رابطہ کیا اور سندھ کی سیاسی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا .سابق گورنر سندھ کا کہنا تھا کہ
آرٹیکل 149 پر پیر صاحب پگارا کا موقف جرات مندانہ اور حقیقت پسندانہ ہے . دونوں رہنماوں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ صوبوں کے درمیان مکمل ہم آہنگی فیڈریشن کے استحکام اور قومی یکجہتی کے لیے بہت ضروری ہے ،سابق گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد نے کہاکہ طویل عرصے تک سندھ کی خدمت کرنے پر فخر ہے پاکستان اور سندھ کے عوام کا مفاد ہمیشہ مقدم ہے انہوں نے کہا کہ مسائل کاخاتمہ اتفاق رائے اور یکجہتی سے کیاجاسکتاہے۔