خورشید شاہ کیخلاف ملازمین کو غیرقانونی مستقل کرنے کی تحقیقات شروع

294

کراچی (اسٹاف رپورٹر) قومی احتساب بیورو نے خورشید شاہ کے خلاف سرکاری ملازمین کو غیر قانونی طور مستقل کیے جانے کی تحقیقات شروع کردیں، تمام سرکاری محکموں سے پیپلز پارٹی کے دور میں مستقل کیے جانے والے ملازمین کی فہرست طلب کرلی۔ تفصیلات کے مطابق نیب نے خورشید شاہ کمیٹی کی جانب سے مستقل کیے گئے ملازمین کی تمام تفصیلات طلب کر لی ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ تمام وزارتوں کو خط لکھ کر کہا گیا ہے کہ عارضی ملازمین کو مستقل کرنے کی تفصیلات 3 دن میں فراہم کردی جائیں۔ ملازمین کو مستقل کرنے پر تفصیلات انکوائری کمیشن کو بھیجی جائیں گی۔ خیال رہے کہ پی پی دور میں عارضی
ملازمین کو مستقل کرنے سے متعلق نظر ثانی کمیٹی قائم کی گئی تھی۔ خورشید شاہ کمیٹی کے چیئرمین تھے، کمیٹی نے عارضی اور ڈیلی ویجز ملازمین کو مستقل کیا تھا۔یاد رہے کہ گزشتہ ماہ کے آخر میں نیب نے آمدن سے زائد اثاثہ جات اور منی لانڈرنگ کی تحقیقات کے سلسلے میں خورشید شاہ سے اثاثوں کی تفصیلات طلب کی تھیں، نیب نے 50 سے زاید محکموں سے بھی خورشید شاہ کے اثاثوں کی تفصیلات مانگ لی ہیں۔