لیاری کی تحریک پورے کراچی اور پاکستان کی تحریک ہے،حافظ نعیم الرحمن

406
امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن احتجاجی کیمپ میں میڈیا سے گفتگو کررہے ہیں ‘ رکن سندھ اسمبلی سید عبدالرشید ودیگر بھی موجود ہیں
امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن احتجاجی کیمپ میں میڈیا سے گفتگو کررہے ہیں ‘ رکن سندھ اسمبلی سید عبدالرشید ودیگر بھی موجود ہیں

کراچی (اسٹاف رپورٹر)امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ لیاری کی تحریک پورے کراچی اور پاکستان کی تحریک ہے ،لیاری منی کراچی ہے ،کراچی کی خوشحالی لیاری کی خوشحالی سے ہی وابستہ ہے ،کرپٹ حکمرانوں نے 30سال سے لیاری کا استحصال کیا ، لیاری کو پیرس اور لندن بنانے کے دعویداروں نے لیاری کو کچھ نہیں دیا،حکمرانوں کی نااہلی و کرپشن کی وجہ سے آج کراچی کا نام کچراچی رکھ دیا گیا اور تمام پارٹیاں کراچی کے کچرے پر سیاست کررہی ہیں، کراچی میں کچرے پر سیاست کرنے والوں کی سیاست ہی کچرا ہے ،لیاری کے حقو ق کے لیے لگائے گئے کیمپ کی حمایت کرتے ہیں اور اگر مسائل کے حل کے لیے وزیر اعلیٰ ہاؤس جانا پڑا تو بھرپور شرکت کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے لیاری کو حقوق دو تحریک کے سلسلے میں لگائے گئے احتجاجی کیمپ کے چوتھے روز میڈیا کے نمائندوں سے گفتگوکرتے ہوئے کیا ۔اس موقع پر امیر جماعت اسلامی ضلع جنوبی و رکن سندھ اسمبلی سید عبد الرشید ، چیئرمین یوسی 6فضل الرحمن ، وائس چیئرمین فرنٹیئر موڑ عبد الجلیل ، نائب ناظم لیاری امین بلوچ ، ناظم علاقہ اولڈ سٹی ایریا فتح محمد ، جماعت اسلامی گارڈن کے ناظم فیصل میمن ، پبلک ایڈکمیٹی کے الیکٹرک کمپلینٹ سیل کے نگران عمران شاہد، جواد شعیب اور جان محمد نے بھی خطاب کیا ۔ احتجاجی کیمپ میں لیاری کے عوام نے بڑی تعداد میں شرکت کی اور حکومت کے خلاف پرجوش نعرے لگائے، کیمپ میں لیاری کے حقوق کے لیے بینرز آویزاں تھے جن میں تحریر تھا کہ لیاری کے آراو پلانٹس کی تباہی کے ذمے دار کون ؟شرکا نے بلدیاتی اداروں اور ڈی ایم سی ساؤتھ سے مطالبہ کیا کہ شاہ عبد اللطیف بھٹائی روڈ اور ٹینری روڈ کے ترقیاتی بجٹ کا حساب دو ، سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی ، کراچی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ ، انکروچمنٹ ڈپارٹمنٹ ،کے ایم سی ، سوئی سدرن گیس کمپنی ، کے الیکٹرک ،ڈائریکٹر پارکس سمیت دیگر سرکاری محکموں کے کرپٹ افسران کے خلاف کارروائی کی جائے ،لیاری خصوصاً بہار کالونی ،لیاری جنرل اسپتال ، مارواڑی محلہ ، جھٹ پٹ مارکیٹ ، ٹینری روڈ ، شاہ لطیف بھٹائی کو سیوریج کے پانی میں ڈبونے والوں کو برطرف کرو۔حافظ نعیم الرحمن نے احتجاجی کیمپ سے خطاب کرتے ہوئے مزید کہاکہ لیاری کراچی کی ماں ہے اب ہم سب مل کر لیاری کو اس کے حقوق دلائیں گے، جس معاشرے میں حکمران صرف مال جمع کرنے کے لیے اسمبلی میں جاتے ہوں وہاں کوئی پلیٹ میں رکھ کر حقوق نہیںدے گا ،لیاری کے عوام خوش نصیب ہیں کہ سید عبدالرشید جیسا رکن اسمبلی ان کی نمائندگی کررہا ہے اوراپنی ماہانہ تنخواہ عوامی مسائل کے حل کے لیے خرچ کررہا ہے ۔انہوں نے کہاکہ اب عوام کو بیدار ہونا ہوگا اورکراچی کو میگا سٹی کا درجہ دلانا ہوگا ،سید عبدالرشید اور لیاری کے عوام کی جدوجہد میں پورا کراچی آپ کے ساتھ ہے،اگر ایم پی اے سید عبدالرشید وزیر اعلیٰ ہاؤس جائیں گے توپورا کراچی ان کے ساتھ جائے گا ۔عوام عوامی بجٹ کاحساب لینے کاحق رکھتے ہیں ۔ سید عبدالرشید نے کہاکہ احتجاجی کیمپ پر امیرجماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن کا خیرمقد م کرتے ہیں ، گزشتہ ڈیڑھ سال سے سندھ اسمبلی میں لیاری کے عوام کا مسئلہ پیش کیا اور اس مسئلے پر بات کی ، لیاری میں لوکل سروس ، سیوریج، صفائی سمیت بے شمار میں مسائل کا سامنا ہے ، لیاری میں بلدیاتی حکومت کے نمائندے صرف مال ہڑپ کرنا جانتے ہیں ،لیاری کی گلیاں اور سڑکیں تالاب کا منظر پیش کررہی ہیں ، ’’لیاری کو حقوق دو‘‘ تحریک مسائل کے حل تک جاری رہے گا اور یہ سلسلہ تمام یوسیز میں جاری رہے گا اگر پھر بھی مسائل حل نہ ہوئے تو وزیر اعلیٰ ہاؤس پرتاریخی دھرنا دیا جائے گا اور لیاری کے لاکھوں عوام وزیر اعلیٰ ہاؤس کے دروازے پر ہوں گے ۔انہوں نے کہاکہ ہم سب مل کر لیاری کو درپیش مسائل سے نجات دلائیں گے اور لیاری کے مستقبل کو روشن کریں گے ۔