افغان حکومت بحران حل کرنے میں ناکام ہو گئی، حکمت یار

170

کابل (صباح نیوز) افغانستان کے سابق وزیراعظم گل بدین حکمت یار نے خبردار کیا ہے کہ ملک میں سیکورٹی کی صورتحال روز بروز بدتر ہوتی جارہی ہے اور افغانستان میں روزانہ 300سیکورٹی اہلکار ہلاک ہو رہے ہیں۔ انہوں نے دارالحکومت کابل میں ایک ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ حکومت کے دور میں ملک میں بے روزگاری اور غربت میں اضافہ ہوا ہے، موجودہ انتظامیہ ملک میں جاری بحران کا حل تلاش کرنے میں ناکام رہی ہے۔ ہر روز ملک میں فوج اور پولیس کے 300 سیکورٹی اہلکار لقمہ اجل بن رہے ہیں لیکن حکومت اب بھی امن مذاکرات کو روکنے کے لیے کوشاں ہے۔ گل بدین حکمت یار نے کہا کہ موجودہ حکومت جمہوری استحکام کو برقرار رکھنے کے لیے قیام امن کی ہر تحریک یا نعرے کو روکنے کی پوری کوشش کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ صرف افغان عوام ہی اپنی تقدیر بدل سکتے ہیں۔ واضح رہے کہ افغانستان کے صدارتی انتخابات 28 ستمبر کو ہونے والے ہیں18سرکردہ امیدواروں میں صدر محمد اشرف غنی ، چیف ایگزیکٹو عبد اللہ عبد اللہ ، حزب اسلامی کے رہ نما سابق وزیر اعظم گلبدین حکمت یار اور قومی سلامتی کے سابق مشیر محمد حنیف اتمر شامل ہیں۔