دہری شہریت کیس،سابق چیئرمین نادرا 5 سال بعد بری

324

عدالت نے سابق چیئرمین نادرا طارق ملک کو دہری شہریت چھپانے کے کیس میں5 سال 4 ماہ بعد بری کردیا۔

تفصیلات کے مطابق ماڈل کورٹ کی جج شائستہ کنڈی نے سابق چیئرمین نادرا طارق ملک کو دہری شہریت چھپانے کے کیس میں ے گناہ قرار دے دیا۔عدالت نے 2 صفحات پر مشتمل فیصلے میں حکم دیا کہ طارق ملک کے خلاف 15 مئی2014 کو درج کردہ ایف آئی آر خارج کی جائے۔ طارق ملک کے خلاف پاسپورٹ ایکٹ 1974 کے سیکشن ون اے اور سی کے تحت درج مقدمے میں الزام لگایا گیا کہ انھوں نے دہری شہریت اور گورنمنٹ سرونٹ ہونا چھپایا تھا۔

طارق ملک نے رواں برس11جولائی کو ایف آئی اے کے سامنے اپنے بیان میں کہا کہ انھوں نے دہری شہریت نہیں چھپائی، وہ نائیکوپ کارڈ رکھتے ہیں اور16 اپریل 2010 کومشین ریڈایبل پاسپورٹ کا فارم جمع کراتے ہوئے اس کا ذکر کیا، تحریری فیصلے کے مطابق نادرا نے بھی طارق ملک کے نائیکوپ کی تصدیق کی۔

علاوہ ازیں طارق ملک نے16 مارچ 2002 کے مینوئل پاسپورٹ کی کاپی عدالت میں پیش کی جس میں ظاہر کیا گیاکہ وہ گورنمنٹ سرونٹ ہیں، طارق ملک کے خلاف مقدمہ ن لیگ حکومت کی جانب سے دائر کیا گیا تھا، طارق ملک اس وقت اقوام متحدہ کے ترقیاتی پروگرام کے چیف ٹیکنیکل ایڈوائزر ہیں۔

میڈیا سے  گفتگو میں انھوں نے کہا کہ پاکستان میں حصول انصاف کے لیے مروجہ طریق کار بذات خود ایک سزا کے مترادف ہے۔ جن لوگوں نے جھوٹے الزامات لگائے کیا ان کوسزا ملے گی؟۔