جمہوریت پائیدار امن اور ترقی کا پیش خیمہ ہے، صادق سنجرانی

91

اسلام آباد (آن لائن)چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے عالمی یوم جمہوریت کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ جمہوریت نہ صرف قانون کی حکمرانی اور بنیادی انسانی حقوق کا محور ہے، بلکہ پائیدار امن اور ترقی کا پیش خیمہ بھی ہے۔ جمہوری حکمرانی کے تحت تمام سیاسی جماعتیں ملکی ترقی و خوشحالی اور عوامی خدمت میں نمایاں کردار ادا کرتی ہیں۔ صرف جمہوری نظام ہی آزادی رائے، احتسابی عمل اور انسانی حقوق کی فراہمی کو یقینی بناتا ہے۔ چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ 15 ستمبر عالمی یوم جمہوریت کے طور پر منایا جاتا ہے اور اس دن کو منانے کا مقصد یہی ہے کہ ہم جمہوریت کے تحفظ اور فروغ کی خاطر اپنے عزم کی تجدید کریں۔ یوم جمہوریت کے طور پر منانے سے ہمیں امن و استحکام، مشترکہ خوشحالی، انسانی حقوق، مساوات، رواداری اور گڈ گورننس کی کلیدی حیثیت کے حصول کے مشترکہ نظریات کی توثیق کرنے کا موقع ملتا ہے۔ چیئرمین سینیٹ نے کہا ہے کہ پاکستان اس سال عالمی یوم جمہوریت کو اپنی تاریخ کے حوالے سے نمایاں طور پر منا رہا ہے۔ پاکستان مختلف درپیش چیلنجوں کے باوجود ایک ذمہ دار، امن پسند اور جمہوری ملک کے طور پر عروج پر ہے، جو جمہوریت کو تقویت دینے، سب کے لیے امن، مساوات اور انصاف کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لئے پرعزم ہے۔ قومی جمہوری اخلاق کی مضبوطی کی جڑیں ہمارے آئین پاکستان سے منسلک ہیں جو جمہوریت، آزادی، مساوات، رواداری اور معاشرتی انصاف کے نظریات اور اصولوں پر روشنی ڈالتی ہیں۔ صادق سنجرانی نے کہا کہ آج، ہماری پارلیمنٹ عوامی رسائی،صنفی اور نوجوانوں کو شامل کرنے کے متعدد نقطہ نظر کی وجہ سے کہیں زیادہ کھلی اور شفاف کھڑی ہے۔ خاص طور پر ایوان بالا نے جمہوریت اور پارلیمنٹ کو درپیش چیلنجز کا سامنا کیا اور شاندار جمہوریت کی نئی مثالیں قائم کیں۔
صادق سنجرانی