عمر کوٹ موٹر سائیکل چور گروہ کا سرغنہ گرفتار ،6 برآمد

106

عمرکوٹ (نمائندہ جسارت) پولیس کی کامیاب کارروائی کے بعد پولیس نے موٹر سائیکل چوری کرنے والے گروہ کے سرغنہ کو گرفتار کرلیا، تحقیقات شروع، اہم انکشافات کی توقع، گزشتہ کافی عرصے سے عمرکوٹ شہر اور گردونواح میں موٹر سائیکلوں کی چوری کرنے والا نیٹ ورک سرگرم تھا۔ عمرکوٹ شہر اور گردونواح میں ضلع سانگھڑ کے علاقے پھلاڈیوں سے تعلق رکھنے والا چور شہک مری کو عمرکوٹ پولیس نے رنگے ہاتھوں گرفتار کرلیا، آج عمرکوٹ پولیس اسٹیشن پر سٹی ایس ایچ او غلام حسین مشوری کی پریس کانفرنس چور اور برآمد شدہ موٹرسائیکلیں میڈیا کے سامنے پیش کی گئیں۔ ایس ایچ او نے میڈیا کو تفصیلات بتاتے ہوئے بتایا کہ کچھ روز قبل ہم نے موٹر سائیکل چور کو گرفتار کیا، پولیس نے چوری شدہ چھے موٹر سائیکل برآمد کرکے ایک شخص شہک مری کو گرفتار کرکے موٹر سائیکل چوری کا مقدمہ درج کرلیا، مزید تحقیقات جاری ہے۔ دوسری طرف میڈیا کے سامنے پیش کیے گئے چوری کے الزام میں گرفتار شہک مری نے پولیس کے الزمات مسترد کرتے ہوئے کہا کہ مجھے پولیس زبردستی جھوٹے مقدمے میں پھنسا رہی ہے، برآمد کی گئی موٹر سائیکلیں کس کی ہیں، کس نے چوری کیں مجھے کوئی پتا نہیں۔ شہریوں نے عمرکوٹ پولیس کی جانب سے موٹر سائیکلوں کی برآمدگی پر مسرت کا اظہار کرتے ہوئے چوری میں ملوث تمام نیٹ ورک میں ملوث گروہ کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کیا ہے۔