مضبوط اور توانا قوم ہی بھارتی عزائم کا مقابلہ کر سکتی ہے، محمد اکرم جٹ

299

ٹنڈوالہٰیار (نمائندہ جسارت) پاکستان کے دفاع اور مقبوضہ کشمیر کی آزادی کے لیے میاں محمد نواز شریف کی قیادت میںمتحد، مضبوط اور توانا قوم ہی بھارتی عزائم کا مقابلہ کر سکتی ہے، مسلط کیے گئے حکمرانوں کے بچگانہ اقدامات سے قومی اتحاد کمزور اور عوام میں تنائو بڑھ رہا ہے۔ موجودہ حالات کے تناظر میں کوئی بھی منتشر قوم کسی بھی مسلح افواج کے لئے وہ طاقت نہیں بن سکتی جو جنگ کے حالات میں افواج کا اصل ہتھیار ہوتی ہے، پاکستان کی معیشت کو ناقابل تلافی نقصان پہنچانے کے درپے نا اہل حکمران قومی دفاع کو بھی کمزور کر رہے ہیں، پاکستان مسلم لیگ(ن) کے ضلعی صدر محمد اکرم جٹ اورسید عبدالغفور شاہ نے ابراہم کالونی میں لیگی کارکنوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ معیشت کو سنبھالے بغیر ملکی دفاع کی ضروریات پوری کرنا ممکن نہیں، نا اہل حکمران معیشت کابیڑہ غرق کر کے ریاست کے دفاع کو بھی نقصان پہنچا رہے ہیں، کسی بھی ریاست کی دفاعی ضروریات کا انحصار اس کی ناقابل تسخیر معیشت پر ہوتا ہے لیکن بد قسمتی سے تحریک انصاف کی حکومت معیشت کو سنبھالنے میں مکمل طور پر ناکام ہوچکی ہے جس کے اثرات پاکستان کی مسلح افواج کی دفاعی تیاریوں پر پڑنے کے خدشے بڑھ رہے ہیں، بھاری حکمرانوں کے مکروہ اور ناپسندیدہ اقدامات کی وجہ سے نہ صرف کشمیر ی عوام کی منزل دور ہو سکتی ہے بلکہ پاکستان کی سلامتی کے لئے بھی خطرات میں اضافہ ہوسکتا ہے جس کا موجودہ حکمرانوں کو رتی بھر ادراک نہیں مقبوضہ کشمیر کے عوام کے حق خود ارادیت کے حصول اور پاکستان کی سلامتی کے ناقابل تسخیر اقدامات کا واحد راستہ پاکستان کو ایٹمی قوت بنانے والے میاں محمد نواز شریف کی رہنمائی میں ہی ممکن ہے۔ پاکستان کی معیشت اور اقتصادیات کو بائیس کروڑ عوام کی ضروریات کے مطابق اپنے پیروں پر کھڑا کرنے کے لئے پاکستان مسلم لیگ(ن) کی تجربہ کار معاشی ٹیم کی اقتدار میں واپسی ناگزیر ہو چکی ہے۔