اساتذہ کا معماروں کی تعلیم وتربیت میں بہترین کردار ہے، احمد شورو

150

میرپورخاص (نمائندہ جسارت) تعلقہ ایجوکیشن آفیسر میرپورخاص عبدالعزیز احمد شورو نے کہا کہ قابل تعریف ہیں وہ لوگ جو اپنے ساتھی کی مدت ملازمت مکمل ہونے پر ریٹائر منٹ کے دوران اسے پوری شان کے ساتھ رخصت کرتے ہیں اور مبارک باد ہے اس ملازم کو بھی جو اپنی زندگی کے 41سال محکمے کو دیکر طلبہ و طالبات و اساتذہ کی بہترین تربیت کر کے اپنی مدت ملازمت پوری کرتے ہیں۔ وہ کاشف العلوم پرائمری اسکول میں سینئر استاد خلیل الرحمن، ماسٹر عبدالوحید اور ماسٹر امحمد اشرف کے اعزاز میں دی گئی الوداعی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر اسکول کے ہیڈ ماسٹر پرکاش کمار، یعقوب نوہڑی، جمیل پٹھان، رشید منگریو ودیگر نے بھی خطاب کیا۔ مقررین نے کہا کہ ریٹائر ہونے والے اساتذہ محنتی اور فرض شناس استاد تھے اور انہوں نے اپنی مدت ملازمت کو پوری فرض شناسی کے ساتھ ادا کیا اور مستقبل کے معماروں کی تعلیم وتربیت میں اپنا بہترین کردار ادا کیا اور آنے والے دیگر اساتذہ کو بھی چاہیے کہ وہ ان کے نقش قدم پر چلتے ہوئے اپنی زندگی کو نمونہ بنائیں۔ اس موقع پر ریٹائر ہونے والے اساتذہ کو شیلڈ اور اجرک کے تحائف بھی پیش کیے گئے اور ان کی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا گیا۔